مناف پٹیل کے دامن پر بھی فکسنگ کے چھینٹے پڑگئے

پیسرنے الزام کی تردید کردی،راجپوتانہ لیگ کی تقریب میں ہی شریک ہوا،مناف


Sports Desk April 07, 2018
پیسرنے الزام کی تردید کردی،راجپوتانہ لیگ کی تقریب میں ہی شریک ہوا،مناف۔ فوٹو: اے ایف پی

مناف پٹیل کے دامن پر بھی فکسنگ کے چھینٹے پڑگئے، 2011 ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی اسکواڈ کے رکنفاسٹ بولر پر میچ فکسنگ سنڈیکیٹ سے روابط کا الزام لگ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاکہ مناف منظم انداز میں کرکٹ فکسنگ ریکٹ چلانے والے ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں تھے، جس کے تحت گذشتہ برس جے پور میں راجپوتانہ پریمیئر ٹوئنٹی 20 لیگ منعقد ہوئی تھی۔

پیسرکو اس حوالے سے راجستھان پولیس کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ ( سی آئی ڈی ) اور اینٹی کرپشن ایجنسی نے شامل تفتیش کرلیا ہے،34 سالہ پیسر راجپوتانہ پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے، ایونٹ پر بی سی سی آئی اوراس کے اینٹی کرپشن یونٹ نے بھی سوالات اٹھائے تھے۔

راجستھان پولیس نے تفتیش کے دوران لیگ کے 14 ممبران کو گذشتہ برس حراست میں لیا تھا،ان سے پوچھ گچھ کے نتیجے میں ملنے والی معلومات کے تانے بانے مناف تک جڑگئے، تینوں فارمیٹ میں بھارت کی نمائندگی کرنے والے بولر اگرچہ راجپوتانہ لیگ میں سائیڈ لائن پر رہے لیکن اس دوران کھیل میں چند مشتبہ واقعات پیش آئے اورمناف اس کے عینی شاہد تھے۔

گزشتہ برس نجی لیگ کے میچز پرائیویٹ اسپورٹس چینل پر براہ راست نشر بھی ہوئے، اس میں کلب کرکٹرز نے حصہ لیا تھا، اسی وقت راجستھان پولیس کی سی آئی ڈی نے اس کا نوٹس لے لیا۔

تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ اس طرح کی لیگ سے ہفتے میں 2 سے 3 کروڑ کمائے گئے،اسٹیڈیم سے باہر'اسپوٹر' بھی دیکھے گئے جو واکی ٹاکیز پر بکیز کو معلومات پہنچا رہے تھے۔

دوسری جانب بولر نے کہا کہ میرا میچ فکسنگ سنڈیکیٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے، مناف نے خود پر عائد الزام کا دفاع کرتے ہوئے الٹا میڈیا سے سوال کیا کہ وہ شخص جو آئی پی ایل کھیلا اور تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرچکا، وہ کیوں راجپوتانہ لیگ میں فکسنگ کرے گا؟ ان کی توجہ لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر دلائی گئی تو پیسر نے کہا کہ مجھے اس کے عوض معقول رقم ملی جو میرے لیے فائدہ مند بات تھی، انڈین پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقاریب میں شاہ رخ اور سلمان خان بھی آتے ہیں اور انھیں بھی اس کے عوض رقم دی جاتی ہے، لہذا اگر آئی پی ایل میں کچھ غلط ہوگا تو کیا آپ سلمان خان سے سوالات کریں گے؟

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں