پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان پیڈل فیڈریشن کے الحاق کی دوبارہ توثیق کردی

پاکستان پیڈل فیڈریشن ملک میں پیڈل کی واحد تنظیم ہے جو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے الحاق شدہ ہے


اسپورٹس ڈیسک November 05, 2026

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان پیڈل فیڈریشن کے الحاق کی دوبارہ توثیق کردی جس کی قیادت صدر جہانگیر خان اور سیکرٹری جنرل منصور علی خان کر رہے ہیں۔

یہ فیڈریشن پاکستان میں پیڈل کے لیے پی ایس بی سے الحاق شدہ فیڈریشن ہے۔

پی ایس بی نے یہ فیصلہ 28 اکتوبر 2026 کو اپنی سب کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات پر غور کرنے کے بعد کیا۔

اس فیصلے سے فیڈریشن کو اب باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان پیڈل فیڈریشن ملک میں پیڈل کی واحد تنظیم ہے جو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے الحاق شدہ ہے۔

کھلاڑیوں، کلبز اور منتظمین کے لیے وہی ٹورنامنٹس تسلیم کیے جائیں گے جو پاکستان پیڈل فیڈریشن یا اس کی الحاق شدہ صوبائی ایسوسی ایشنز کے زیر اہتمام یا منظور شدہ ہوں گے۔

پاکستان پیڈل فیڈریشن کےصدر جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان میں پیڈل کو ایک واضح ڈھانچہ مل گیا ہے اور اب ہماری توجہ کھلاڑیوں کو کلب لیول سے قومی ٹیم تک ایک درست سمت فراہم کرنے پر ہے۔