مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق

بجلی کا نظام درہم برہم، کھڑی فصلوں، میوہ جات کے باغات کو نقصان، شیخوپورہ میں چھت گرنے سے 4 بچے زخمی۔


مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، نانگا پربت، بابو سر اور بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری، موسم خوشگوار ہو گیا، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم پاکستان میں داخل ہو گیا جس سے ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا جب کہ چترال کے ندی نالوں میں طغیانی، آسمانی بجلی گرنے سے مزدور جاں بحق ہو گیا۔

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی ،جہلم ، مری، گجرات، شیخوپورہ، سرائے عالمگیر، سیالکوٹ، عمر کوٹ، کوہاٹ، مالم جبہ، بالا کوٹ، دیر، کاکول، کالام، میرکھانی، پشاور، پارہ چنار، مظفر آباد، گڑھی دوپٹہ، راولاکوٹ ،کوٹلی ،چترال ،کامرہ کینٹ ،وادی نیلم ،ہٹیاں بالاں سمیت مختلف شہروں میں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔

مختلف علاقوں میں تیز آندھی سے بجلی کانظام تباہ ہوگیا، چترال میں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کے بعد ندی نالیوں میں طغیانی آگئی،پہاڑی اور مٹی کے تودے گرنے سے پشاور کے شاہراہ پر پتھر گرگئے جس کے نتیجے میں چترال سے پشاور جانے والا سڑک ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہو گئی۔

چناری کے نواحی گاؤں گھڑتھامہ ریالی پونیاں میں اشفاق محنت مزدوری کے لئے جا رہا تھا کہ اس کے اوپر آسمانی بجلی آگری جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،ڈیرہ غازی خان کے علاقے پائیگاہ کی بستی بندوانی میںآ سمانی بجلی گرنے سے میٹرک کاطالبعلم محمدرفیق جبکہ نوشہرہ کینٹ میں پرس کلب کے قریب آ سمانی بجلی گرنے سے راہگیر میر عالم زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب شیخوپورہ صلاح الدین روڑ کے قریب تیز آندھی کے باعث مکان کی چھت گرگئی ،4 بچے ملبے تلے دب گئے جنہیں 1122کی ٹیم نے زندہ نکال کر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا ،دیر بالا کے مختلف علاقوں یونین کونسل پالام، امریت اور دیگر دیہات میں آندھی کے بعد طوفانی بارشیں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو نقصان پہنچا،نانگاپربت، بابو سرٹاپ اور بٹوگاہ ٹاپ پر برفباری سے سردی بڑھ گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک میں بارش برسانے والا انتہائی طاقتور مغربی سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے باعث بدھ تک ملک کے مختلف علاقوں میں انتہائی تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بجلی گرنے کا بھی امکان ہے،مری کے مختلف علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری اور سیاح سائن بورڈز وغیرہ کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں، جنوبی پنجاب، بلوچستان کے مختلف علاقوں اور بالائی سندھ میں بھی بارش کا امکان ہے ۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں