سندھ حکومت نے ای ہیلتھ منصوبہ ’’طبی‘‘ کا آغاز کر دیا

اسمارٹ فون پر مبنی صحت کی ایپلی کیشن ’’طبّی‘‘ صحت عامہ کے تمام سرکاری اداروں میں استعمال کی جائے گی


Staff Reporter April 11, 2018
’’طبّی‘‘سے حفاظتی پروگرام،مریضوں،اسپتالوں کی کارکردگی سامنے آئے گی،سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے ای ہیلتھ منصوبے کا آغازکردیا، محکمہ صحت نے اسمارٹ فون پر مبنی صحت کی ایپلی کیشن ''طبّی'' کے صوبے بھر میں اجراکا اعلان کردیا ہے، یہ ایپلی کیشن صحت عامہ کے تمام سرکاری اداروں میں استعمال کی جائے گی۔

اس ایپلی کیشن کے استعمال کے ذریعے ہیلتھ ورکرز صحت عامہ کی خدمات کے استعمال اور ان کی کارکردگی کے متعلق اعدادوشمار بروقت جمع کر سکیں گے اورامید ہے کہ اس کی بدولت کاغذی کارروائیوں پر مبنی نظام کا خاتمہ ہوگا،یہ اعلان سیکریٹری صحت ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے آغا خان یونیورسٹی میں ورکشاپ کے دوران کیا،ورکشاپ کا انعقاد صوبے بھر میں فراہم کی جانے والی حفاظتی ٹیکوں کی خدمات کی اثر پذیری اور پائیداری میں اضافے کے اقدامات اور ان میں بہتری سے متعلق گفتگو کے لیے کیا گیا تھا، ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ ہم ''طبی'' جیسے اہم اقدام کا آغازکررہے ہیں تاکہ صوبے بھر میں تعینات صحت عامہ کے عملے کی کارکردگی کی نگرانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

اس نئے نظام کی مدد سے ہم صحت کے حفاظتی پروگراموں، مریضوں کے علاج اور اسپتالوںکی کارکردگی کے متعلق اعدادوشمار مرتب کر پائیں گے، اس کی بنیاد پر صوبے کے نظام صحت کی جانچ ہوسکے گی، یہ ٹیکنالوجی پرانی ٹیکنالوجی ٹیکے کا بہتر نمونہ ہے جس سے پرانے نظام کو تقویت حاصل ہوگی اور اسے تبدیل کر کے ''طبی'' کا نام دیا گیا،''طبی'' ٹیکنالوجی کو سندھ حکومت کے صحت عامہ کے اصلاحاتی نظام کے تحت بلا قیمت فراہم کیا گیا ، ''ٹیکو'' ٹیکنالوجی حفاظتی ٹیکوں کے متعلق سندھ حکومت کی جانب سے نگرانی اور جدت کا نمونہ تھی جسے آغا خان یونیورسٹی کی ڈاکٹر شہلا زیدی اور سلیم سیانی نے 2014 سے 2016 کے دوران سندھ حکومت اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ای ہیلتھ ریسورس سینٹر کے اشتراک سے متعارف کرایا تھا۔