بجٹ27اپریل کوپیش کرنے کیلیے وزارتوں کومراسلہ ارسال

منظور ی کیلیے مطلوبہ تعدادکم ہوئی توحکومت پارلیمنٹ میں بجٹ پیش نہیں کرسکے گی


Irshad Ansari April 11, 2018
بجٹ سازی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا مگر ابھی خدشات موجود ہیں، ذرائع فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کوآئندہ مالی سال 2018-19کا وفاقی بجٹ27اپریل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے بارے تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔

اہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال کے باعث اگر پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت کی بجٹ منظور کروانے سے متعلق مطلوبہ تعداد میں کمی ہوئی تو اس صورت موجودہ حکومت پارلیمنٹ میں بجٹ پیش نہیں کرسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کو باقاعدہ مراسلہ بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 27 اپریل کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا لہٰذا مذکورہ تاریخ کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کے وفایق بجٹ کو حتمی شکل دی جائے۔ علاوہ ازیں بجٹ تقریر کو حتمی شکل دینے کیلئے بھی مواد جلد ازجلد وزارت خزانہ کوبھجوایا جائے اور پارلیمنٹ کے اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوگا۔

جس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری لی گئی ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں و پنشن اور مراعات میں اضافہ کی بھی کابینہ کے اسی خصوصی اجلاس میں منظوری دی جائے گی اور وفاقی کابینہ سے منظوری کے فوری بعد بجٹ دستاویزات پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کردی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سازی کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے مگر ابھی تک اس بات کے خدشات موجود ہیں کہ موجودہ حکومت اگلے مالی سال کا بجٹ پارلیمنٹ میں پیش نہ کر سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں