برازیل کے فٹبال میں زوال کا موسم طویل ہوگیا رینکنگ میں کم تر پوزیشن

کھیل پر ایک عرصے تک راج کرنے والی ٹیم تاریخ کے اپنے سب سے نچلے 19 ویں درجے پر چلی گئی۔


Sports Desk/AFP April 12, 2013
کروشیا کی بڑی جست اسے ٹاپ 5 میں لے آئی۔ فوٹو: فائل

برازیل کے فٹبال میں زوال کا موسم طویل ہوگیا ہے، رینکنگ میں اس کی مسلسل تنزلی کا سلسلہ جاری ہے۔

جمعرات کو فیفا کی جانب سے جاری ہونیوالی ورلڈ رینکنگ میں اپنی سب سے نچلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ 2014 ورلڈ کپ کا میزبان فہرست میں ایک درجہ تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگیا ہے جبکہ کروشیا پانچ درجے برتری کیساتھ دنیا کی پانچ ممتاز ٹیموں میں شامل ہوگیا ہے۔ جاری ہونیوالی فہرست میں پہلی تین پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی اور عالمی چیمپئن اسپین بدستور پہلے نمبر پر ہے جس کے بعد جرمنی اور برازیل کا جنوبی امریکن مخالف ارجنٹائن تیسرے نمبر پر ہے۔ حالیہ 'ڈربی' میں سربیا کیخلا ف صفر کے مقابلے میں دو گولز کی فتح نے کروشیا کو چوتھی پوزیشن پر پہنچادیا ہے۔

پرتگال دو درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، کولمبیا چھٹی پوزیشن پر موجود ہے، انگلینڈ اور اٹلی کو تین تین درجے تنزلی نے بالترتیب ساتیوں اور آٹھویں نمبر پر پہنچادیا ہے، ایک درجہ خسارہ ہالینڈ کو بھی نویں نمبر پر لے آیا جبکہ ایک درجے بہتری نے ایکواڈور کو ٹاپ ٹین کی آخری ٹیم بنا دیا۔ آئندہ برس ورلڈ کپ کی میزبانی سے قبل برازیل مارچ میں ہونیوالے دوستانہ میچز میں بولیویا سے 0-4 سے جیت سے قبل روس کیخلاف 1-1 اور اٹلی کیساتھ 2-2 سے ڈرامیچز کھیل چکا ہے۔ پانچ مرتبہ فٹبال کا سب سے بڑا انعام جیتنے والے ساؤتھ امریکنز کو رینکنگز میں تنزلی کا سامنا اس لیے ہوا کیونکہ فیفا دوستانہ میچز کی جگہ کوالیفائنگ میچز پر زیادہ پوائنٹس ایوارڈ کرتی ہے۔



فٹبال میں نووارد سان مرینو کیخلاف 0-8 سے فتح کے بعد مونٹی نیگرو میں 1-1 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ڈرا کے سبب انگلینڈ تین درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں 1-2 کی جیت اور کروشیا میں 1-2 سے شکست کے بعد ویلز حیران کن طور پر 22 درجے برتری کے بعد 71 ویں پوزیشن سے 49 ویں پوزیشن پر موجود جبکہ آئیوری کوسٹ افریقہ کی سب سے زیادہ ترقی پانیوالی ٹیم ہے جس نے اب 12ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

جمعرات کو فیفا کی ورلڈ رینکنگز کی جاری ہونیوالی فہرست کچھ اس طرح ہے: اسپین، جرمنی اور ارجنٹائن بدستور پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ کروشیا پانچ درجے برتری کیساتھ چوتھے، پرتگال دو درجے بلندی کے ساتھ پانچویں، کولمبیا چھٹے، انگلینڈ اور اٹلی تین درجے تنزلی کیساتھ ساتویں اور آٹھویں، ہالینڈ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ نویں، ایکویڈور ایک درجہ برتری کیساتھ 10 ویں، روس ایک درجہ تنزلی کیساتھ 11ویں، آئیوری کوسٹ ایک درجہ برتری کیساتھ 12ویں ، یونان ایک درجہ تنزلی کیساتھ 13ویں، میکسیکو ایک درجہ برتری کیساتھ 14 ویں، سوئٹزرلینڈ ایک درجہ تنزلی کیساتھ 15ویں، بیلجیئم تین درجہ بلندی کیساتھ 16ویں، یوروگوئے، فرانس اور برازیل ایک ، ایک درجہ تنزلی کیساتھ 17ویں، 18ویں اور 19ویں پوزیشن پر جبکہ ڈنمارک پانچ درجے برتری کیساتھ 20ویں نمبر پر پے۔ منتخب ممالک میں جمہوریہ آئرلینڈ ایک درجہ برتری کیساتھ 39ویں، ویلز 22درجے بلندی کیساتھ 49ویں ، اسکاٹ لینڈ 77ویں اور 22درجے تنزلی کے بعد شمالی آئرلینڈ 119ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔