نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر لندن پہنچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
شریف خاندان کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے بعد طبیعت انتہائی خراب ہے۔ فوٹو:فائل

شریف خاندان کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے بعد طبیعت انتہائی خراب ہے۔ فوٹو:فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ کے قائد نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز، داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نواسی ماہ نور کے ہمراہ لندن پہنچ گئے ہیں۔ شریف فیملی قطر کی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے لاہور ایئر پورٹ سے روانہ ہوئی تھی۔ نواز شریف لندن میں اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور ممکنہ طور پر 22 اپریل اتوار کو واپس آئیں گے۔

شریف خاندان کے مطابق کلثوم نواز کی کیمو تھراپی کے بعد طبیعت انتہائی خراب ہے۔ مریم نواز نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امی کو دیکھنے لندن روانہ ہوگئے ہیں، اگر احتساب عدالت میں حاضری سے استثنیٰ نہ ملا تو اگلی پیشی سے پہلے واپس آجائیں گے، امی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔

نواز شریف، مریم اور صفدر نے بدھ سے جمعہ تک احتساب عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی ہے۔ چند ہفتے قبل نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کا بیرون ملک فرار روکنے کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف احتساب عدالت میں کرپشن کے تین مقدمات میں کارروائی ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ کلثوم نواز گذشتہ سال سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کا مقامی اسپتال میں گلے کے کینسر کا علاج جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔