بیٹے کی کامیابی پرجیکی شروف خوشی سے سرشار

ویب ڈیسک  بدھ 18 اپريل 2018
میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج اپنے بیٹے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہوں،جیکی شروف۔ فوٹو: فائل

میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ میں آج اپنے بیٹے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہوں،جیکی شروف۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار جیکی شروف اپنے بیٹے ٹائیگر شروف کی کامیابی پر خوشی سے جھومنے لگے۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں  منفرد صلاحیتوں کی بدولت دیگر اداکاروں کو پیچھے چھوڑ جانے والے نوجوان اداکار ٹائیگر شروف ان دنوں شہرت کی اُن بلندیوں پر ہیں جہاں کسی اداکار کو پہنچنے میں کئی سال لگ جاتے ہیں لیکن خطرناک اسٹنڈز میں اکشے کمار اور ڈانس میں ہریتھک روشن جیسے نامور اداکاروں کو مات دینے والے نوجوان اداکار کی کامیابی پر ان کے والد جیکی شروف بھی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے نامور اداکار جیکی شروف کا اپنے بیٹے ٹائیگر شروف کی مقبولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں اُن لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کو اتنی محبت سے نوازا یہ تمام لوگوں کا خلوص ہے کہ وہ سب ٹائیگر سے محبت کرتے ہیں لیکن میرے لئے خوشی کا مقام یہ ہے کہ جب بھی میں باہر جاتا ہوں تو میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جاتا ہوں کہ میں ٹائیگر شروف کا والد ہوں جو کہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔

جیکی شروف کا بیٹے سے متعلق مزید کہنا تھا کہ فلم ’فلائینگ جیٹ‘ اور ’منا مائیکل‘ کی ناکامی کے بعد ٹائیگر ٹوٹ گیا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ٹائیگر ’باغی ٹو‘ کی ریلیز سے قبل بہت پریشان تھا لیکن فلم کی توقعات سے بڑھ کر کامیابی کے بعد ٹائیگر نے مجھے کہا تھا کہ ’میں اب سکون کی نیند سویا ہوں‘ جب کہ میں سب کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرے بیٹے کو کامیاب بنایا۔

واضح رہے ٹائیگر شروف کی پہلی بلاگ بسٹر فلم ’باغی ٹو‘ صرف بھارت میں اب تک 155 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔