پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات 19 اپریل سے ہونگے

اگر التوا ہوا تو نئے قرضے پر بات چیت آئندہ حکومت تک چلی جائے گی.


INP April 15, 2013
وزارت خزانہ اور پلاننگ کمیشن معیشت کا جائزہ پیش کرنے کیلیے ڈیٹا ترتیب دے رہے ہیں. فوٹو: فائل

آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلیے پاکستان کا وفد 18اپریل کو واشنگٹن پہنچے گا۔

پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے مابین واجب الادا قرضوں کو موخر کرنے اور نرم شرائط پر نئے قرضے کے حصول کیلیے مذاکرات 19اور 20اپریل کو ہوںگے۔ آئی ایم ایف حکام کے مطابق اگر پاکستان کی طرف سے التوا ہوا تو نئے قرضے پر بات چیت آئندہ حکومت تک چلی جائے گی۔

آئی ایم ایف ہیڈ کوارٹرز میں مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی سیکریٹری خزانہ ناصر محمود کھوسہ کریں گے۔ وفد میں ایف بی آر کے چیئرمین عنصر محمود، پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر ندیم الحق، وفاقی سیکریٹری اقتصادی اموراورگورنر اسٹیٹ بنک یاسین انور شامل ہوںگے۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معیشت کا جائزہ پیش کرنے کے لیے وزارت خزانہ اور پلاننگ کمیشن ڈیٹا ترتیب دے رہے ہیں۔