ٹائیفائیڈ کی نئی ویکسین کی منظوری ای پی آئی میں شامل

حیدر آباد کے متاثرہ علاقوں کے بچوں کو نئی ویکسین دی گئی جس کے نتائج حوصلہ افزا پائے گئے


Staff Reporter April 26, 2018
ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈ کے پھیلاؤ کی اطلاعات ہیں جس میں اینٹی بائیوٹک بے اثر ثابت ہو رہی ہیں۔ فوٹو : فائل

حکومت پاکستان نے ٹائیفائیڈ کے خلاف نئی ویکسین کی منظوری دے دی۔

ایک نئی ویکسین ٹائیفائیڈکونجیگیٹ ویکسین کو نیشنل ایکسپینڈڈ پروگرام فار امیونائزیشن(بچوں کے حفاظتی ٹیکہ قومی پروگرام) میں شامل کیا جارہا ہے۔ اینٹی بائیوٹک دواؤں کے خلاف شدید حد تک مزاحمت (ایکسٹینسو لی ڈرگ ریزسٹنٹ) ایکس ڈی آر ٹائیفائیڈکی ایک غیر معمولی قسم کے پھیلاؤ کے حوالے سے ملنے والے ثبوتوں کی بنیاد پر اس کو نیشنل پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت نے نئی ٹائیفائیڈویکسین حیدرآباد کے متاثرہ علاقوں کے بچوں کو لگائی گئی جس کے نتائج محفوظ اور حوصلہ افزا پائے گئے، نئی ویکسین لگانے سے 99.7 فیصد بچوں میں منفی اثرات سامنے نہیں آئے۔

وفاقی حکومت کے ایکسپینڈڈ پروگرام فار امیونائزیشن (ای پی آئی)کے نیشنل پروگرام منیجر ڈاکٹر سید ثقلین احمد گیلانی نے بتایاہے کہ نئی ٹائیفائیڈکونجوگیٹ ویکسین متعارف کرانے کے لیے جی اے وی آئی کی جانب سے 85 ملین امریکی ڈالر کی مالی معاونت کا عہد پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ اس سے قبل ہم نے نمونیا اور ڈائریا کے خلاف ویکسین اور پولیو کے لیے انجکشن کے ذریعے لگائی جانے والی دوا بھی متعارف کرائی ہے۔

ٹائیفائیڈ ویکسین کو متعارف کرانا بچوں میں مہلک امراض کے خلاف قوت مدافعت میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ نئی ویکسین کے اضافے کے بعد ای پی آئی میں اب10مہلک امراض کے خلاف ویکسینز شامل ہو جائیں گی جن میں خناق، ہیپاٹائٹس بی، گردن توڑ بخار، خسرہ، بچوں کی ٹی بی، تشنج، نمونیا، کالی کھانسی، پولیو اور اب ٹائیفائیڈشامل ہے۔

اے کے یو کے ڈپارٹمنٹ آف پیڈیاٹرکس کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فرح قمر نے اس حوالے سے بتایا کہ ہمارے پاس ٹائیفائیڈ کے علاج کے لیے دواؤں میںکمی واقع ہو رہی ہے کیونکہ ٹائیفائیڈ کی یہ قسم ایکس ڈی آر، اینٹی بائیوٹک دواؤں کی 5 کلاسز کو غیر موثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ویکسین ڈیولپمنٹ، سرویئلنس اور اینٹیرک اینڈ ڈائریئل ڈیزیز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر انیتا زیدی نے ٹائیفائیڈ کیخلاف تیارکی گئی اس ویکسین کی افادیت کے حوالے سے بتایا کہ ٹائیفائیڈ دنیا بھرکی غریب ترین آبادیوں کو متاثر کرنے والا مرض ہے اور طویل عرصے سے اسے عالمی سطح پر صحت عامہ میں بہتری کی کوششوں میں نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں