خالصتان سے پرہیز کیوں؟

عبدالقادر قاسم  اتوار 29 اپريل 2018
 خالصتان تحریک کے اہم کرداروں کی فہرست بھارت کو پکڑا کر ہم نے سکھوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ فوٹو:انٹرنیٹ

خالصتان تحریک کے اہم کرداروں کی فہرست بھارت کو پکڑا کر ہم نے سکھوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ فوٹو:انٹرنیٹ

بھارت الزام لگاتا رہے اور ہم تردید کرتے رہیں، بس یہی کام رہ گیا ہے ہمارا۔ بھارت کیا ساری دنیا ہم پر طرح طرح کے الزامات لگاتی ہے اور ہم تردیدوں کی دکان سجا کر بیٹھ جاتے ہیں۔ لہجہ معذرت خواہانہ اور انداز بچکانہ۔ الزامات کے جواب میں دو سخت جملے ہمارے منہ سے نہیں نکلتے کہ اگلی بار وہ ہم پر انگلی اٹھانے سے پہلے سوچیں۔

بھارت نے چند دن پہلے اپنے ہائی کمشنر کی سکھ یاتریوں سے ملاقات نہ کرانے کا الزام لگایا۔ ہم نے تردید بھی کی، مذمت بھی، ساتھ ہی صفائیاں بھی پیش کیں۔ اس سے آگے شاید ہمیں کچھ آتا نہیں… اب بھارت نے ہم پر تازہ ترین الزام پاکستان آنے والے ان سکھ یاتریوں کو خالصتان کے معاملے پر اکسانے کا لگایا ہے۔ اس پر ترجمان دفتر خارجہ نے حسب روایت فوراً تردیدی بیان جاری کردیا۔ الفاظ کا چناؤ ایسا کہ کہیں بھارت کو برا نہ لگ جائے۔

ارے بھائی! دشمن کے اس الزام پر پیچھے ہٹنے کے بجائے ایک قدم آگے بڑھتے اور کہتے کہ سکھوں کو ان کا حق ضرور ملنا چاہیے۔ ہم نے انہیں اکسایا نہیں؛ سکھ بچّے نہیں کہ کسی کے بہکاوے میں آجائیں۔ اکسا تو آپ رہے ہیں بلوچستان کے لوگوں کو! علیحدگی پسندوں کو پناہ دے رہے ہیں، انہیں دہشت گرد بنا رہے ہیں، ان کے لیڈروں کی میزبانیاں کررہے ہیں۔ آپ نے بلوچستان میں اپنے ایجنٹ چھوڑ رکھے ہیں۔ کلبھوشن کہاں سے ملا تھا؟ کیا کرنے آیا تھا بلوچستان؟ کچھ تو بولو…

کلبھوشن کے معاملے پر بھی وہ آپ کو گھسیٹ کر عالمی عدالت انصاف لے گیا۔ آپ بھی چل دیئے۔ اب جواب الجواب جمع کرائے جارہے ہیں، اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر ایمانداری سے کہیے کہ اگر بھارت نے ہمارا اس لیول کا کوئی جاسوس پکڑا ہوتا تو وہ کیا کرتا؟ وہی جو ہم کررہے ہیں؟ کبھی نہیں۔ وہ اپنی چھاتی پیٹتا ہوا دنیا اکٹھی کرچکا ہوتا، اور ہم تردیدیں کرتے کرتے تھک جاتے مگر کوئی یقین نہیں کرتا۔ ہم کہتے ہیں ہمارے پاس بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت ہیں، تو بھائی ان کے منہ پہ دے مارو یہ ثبوت، سنبھال کر کیوں رکھے ہیں؟

پاکستان بھلے ہی سکھوں کو خالصتان کے معاملے پر نہ اکسائے مگر انہیں ان کا حق دلانے میں ان کی مدد ضرور کرنی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم سہتے شہریوں کے ساتھ ساتھ سکھوں کے حقوق کی آواز بھی اسی شدت کے ساتھ اٹھانی چاہئے۔ بھول جائیے کہ تقسیم کے وقت ان سکھوں نے ہمارے ساتھ کیا کیا تھا، کیونکہ بعد میں انہیں خود بھی اس پر پچھتاوا ہوچکا ہے۔ یہ ایک لگ بحث ہے۔

آپ کشمیر اور خالصتان کی تحریک کو ایک ساتھ لے کر چلیے۔ دنیا کے جس فورم پر آپ مقبوضہ کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی بات کرتے ہیں وہاں خالصتان کی آزادی کی بات بھی کیجیے، بھارت پر دباؤ دگنا ہوجائے گا۔ وہ پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور پاکستان کی اس حوالے سے مہم کی وجہ سے دنیا بھر میں بدنام ہو رہا ہے۔ اپنے اپنے مفاد کی وجہ سے کوئی کہتا نہیں یہ الگ بات ہے مگر دنیا کی نظروں میں وہ گندا ضرور ہورہا ہے۔ آپ خالصتان کا معاملہ چھیڑ کر اسے اور گندا کیجیے۔

کچھ نہ کرنے پر بھی مودی سرکار ہم پر الزامات لگا رہی ہے۔ ابھی پچھلے ماہ بھارتی وزارت داخلہ نے الزام لگایا کہ پاکستان سکھ نوجوانوں کو اپنے مراکز میں دہشت گردی کی تربیت دے رہا ہے تاکہ وہ بھارت آکر دہشت گردی کی کارروائیاں کریں۔ اس سے بے ہودہ الزام اور کیا ہوگا؟ اب تردیدیں کرنے اور صفائیاں پیش کرنے سے آگے کا سوچیے۔ اپنے اندر ہمت پیدا کیجیے۔ پیچھے مت ہٹیے، آگے بڑھیے۔

وہ بنیا ہے، سامنے سے کبھی وار نہیں کرے گا مگر پیچھے سے چھرا گھونپنے میں دیر بھی نہیں لگائے گا۔ ہم پہلے ہی خالصتان تحریک کے اہم کرداروں کی فہرست بھارت کو پکڑا کر سکھوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا چکے ہیں۔ یہ حرکت ہم سے سرزد نہ ہوتی تو آج بھارت کا نقشہ ہی کچھ اور ہوتا۔ ہم نے یہ فہرست اس شرط پر بھارت کو تھمائی تھی کہ وہ بدلے میں سیاچن سے اپنی فوجیں واپس بلالے گا، مگر وہ وعدہ کرکے مکر گیا اور ہم منہ دیکھتے رہ گئے، کچھ نہ کرسکے۔ اب اس غلطی کا کفارہ ادا کرنے کا بہترین وقت ہے۔

ہمیں پتا ہے کہ دفتر خارجہ کے بیان کی کتنی اہمیت ہوتی ہے، ایک ایک جملے پر دس دس بار سوچا جاتا ہے، ایک ایک لفظ ناپ تول کر بولا جاتا ہے۔ مگر ہمیں یہ بھی علم ہونا چاہیے کہ حد سے زیادہ احتیاط قوت فیصلہ کو کمزور کردیتی ہے، انسان کو بزدل بنادیتی ہے۔ امریکا کے معاملے میں بزدلی دکھانا تو سمجھ میں آتا ہے، مگر بھارت سے خوف کیسا؟ ویسے امریکا کو بھی ہم نومور کہہ کر حیران کرچکے ہیں۔ اب تھوڑی اور ہمت کرکے بھارت کو بھی ’’شٹ اپ‘‘ کہہ کر خالصتان کی بات چھیڑ دیجیے، موقع اچھا ہے۔ باقی آپ کی مرضی۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔