انڈر 16 کرکٹ پاکستان نے آسٹریلیا کو 2 وکٹ سے زیر کرلیا

 کپتان صائم ایوب161رنز پر ناقابل شکست رہے، سیریز 3-2 سے میزبان کے نام


Sports Reporter April 27, 2018
 کپتان صائم ایوب161رنز پر ناقابل شکست رہے، سیریز 3-2 سے میزبان کے نام۔ فوٹو : سوشل میڈیا

پاکستان انڈر 16ٹیم نے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا کو 2وکٹ سے زیر کرلیا جب کہ سیریز 3-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

سیریز کے پہلے دونوں میچ آسٹریلیا نے جیتے تھے، پاکستان نے تیسرے میں کامیابی حاصل کی، چوتھے میں ایک بار پھر میزبان جونیئر کینگروز حاوی رہے،آخری مقابلے میں فتح کے ساتھ گرین شرٹس نے خسارہ کم کیا، سیریز 3-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 258 کا مجموعہ تشکیل دیا، کوئنز لینڈر لائبکے نے141 گیندوں پر 2چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے ساتھی اوپنر کیل برازیل نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 83 گیندوں پر 57 رنز بنائے، لائبکے اور برازیل کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز بنے، یاش پرینڈنیکار نے 58 جبکہ جیک فریزر نے 9 گیندوں پر ناقابل شکست 15رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان کے کپتان صائم ایوب میچ کے ہیرو رہے، انھوں نے صرف 151 گیندوں پر 161 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ حسن کیانی نے 50 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اس کارکردگی کی بدولت پاکستان نے 4 گیندیں قبل میچ کا نتیجہ اپنے نام کرلیا۔ ول سینڈرز نے50 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔