برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے کی 1958 فیفا ورلڈکپ فائنل میں پہنی گئی جرسی ریکارڈ رقم میں نیلام ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیلے کی جرسی نیویارک میں ہونے والی ایک نیلامی کے دوران 49 لاکھ ڈالر میں فروخت ہو گئی جس کے ساتھ یہ تاریخ کی دوسری مہنگی ترین فٹبال جرسی بن گئی۔
یہ جرسی اس ورلڈکپ فائنل کی یادگار ہے جس میں صرف 17 برس کی عمر میں پیلے نے میزبان سویڈن کے خلاف دو گول کر کے برازیل کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنایا تھا۔
اسی کامیابی کے ساتھ پیلے نے اپنے ریکارڈ تین ورلڈ کپ ٹائٹلز کے سفر کا آغاز کیا اور آج بھی وہ ورلڈ کپ فائنل میں گول کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔
نیلامی کے منتظمین کے مطابق جرسی کے لیے پانچ سے زائد خریداروں نے بولیاں لگائیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی جرسی 2004 میں صرف ایک لاکھ 5 ہزار 600 ڈالر میں فروخت ہوئی تھی جس کی قیمت اب کئی گنا بڑھ چکی ہے۔
فٹبال کی تاریخ میں صرف ڈیاگو میراڈونا کی 1986 ورلڈکپ کی مشہور جرسی اس سے زیادہ مہنگی فروخت ہوئی تھی۔
میراڈونا کی جرسی 2022 میں 71 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی۔ اسی نیلامی میں میراڈونا، لیونل میسی اور ڈیوڈ بیکہم کی یادگار جرسیوں اور دیگر اشیاء کو بھی لاکھوں ڈالر میں خریدا گیا تھا۔