پاکستان سپر کبڈی لیگ کا میلہ آج سے سجے گا

رنگا رنگ تقریب میں ٹرافی کی رونمائی، فنکاروں کی شاندار پرفارمنس، روزانہ 4 میچزہونگے


Sports Reporter May 02, 2018
رنگا رنگ تقریب میں ٹرافی کی رونمائی، فنکاروں کی شاندار پرفارمنس، روزانہ 4 میچزہونگے فائل :فوٹو

پہلی پاکستان سپر کبڈی لیگ کا میلہ پیر سے لاہور میں سجے گا رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا روزانہ 4 میچز کھیلے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پہلی پاکستان سپر کبڈی لیگ کا آغاز آج ہوگا، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں ہونے والے ایونٹ کے پہلے روز 4میچ کھیلے جائیں گے، پول ''اے'' کی گجرات واریئرز کا مقابلہ اسلام آباد آل سٹار جبکہ گوادر بہادرز کا پشاور حیدرز کیساتھ ہوگا، پول ''بی'' میں شامل فیصل آباد شیر دلز اور ساہیوال بلز جبکہ کشمیر جانباز اورکراچی زورآور ٹیمیں برتری کی جنگ لڑیں گی۔ پول میچز اور ایلیمنیٹرز کا سلسلہ مکمل ہونے کے بعد فائنل 10مئی کو کھیلا جائے گا، شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔

پاکستان سپر کبڈی لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب گزشتہ رات الحمرا کلچرل کمپلیکس کے اوپن ایئر تھیٹر میں ہوئی،ایونٹ میں شریک 10فرنچائز ٹیموں گجرات واریئرز، گوادر بہادرز، لاہور تھنڈز، ساہیوال بلز، کراچی زور آورز، اسلام آباد آل سٹارز، پشاور حیدرز، فیصل آباد شیردلز، کشمیر جانباز اور ملتان سکندرز کے مالکان،آفیشلز، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف اداکارہ ریما خان اورخالد ملک نے انجام دیے، تمام ٹیموں کو باری باری سٹیج پر بلایا گیا، شائقین کبڈی نے تالیوں کی گونج میں کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ نبیل شوکت، سارہ رضا، بخشی برادرز سمیت کئی نامور فنکاروں کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر پہلی ایس کے ایل ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔

پاکستان سپر کبڈی لیگ کے روح رواں حیدر علی دائود خان نے کہا کہ ایونٹ کیساتھ وابستہ فرنچائز ٹیموں کے مالکان، آفیشلز،کوچ، کپتان اور کھلاڑی سب انتہائی پر جوش اور پر عزم ہیں،شائقین کو بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، انھوں نے روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے تعاون کرنے والے ہر شخص کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں یہ لیگ مزید پھلتے پھولتے ہوئے تناور درخت بنے گی۔

پاکستان کو عالمی سطح کے مقابلوں کیلیے نیا ٹیلنٹ بھی حاصل ہوگا۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری محمد سرور نے کہا کہ لیگ میں پاکستان کیساتھ ایران، سری لنکا، عراق، جاپان، بنگلہ دیش، کینیا اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں کی شرکت سے بھی دنیا کوپاکستان کے بارے میں مثبت پیغام جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں