بلدیہ ٹائون پولیو مہم کے دوران ہوائی فائرنگ رضاکاروں میں خوف

ٹیموں کیساتھ متعین اہلکاروں کوگینگ وار کے کارندوں نے لیاری میں داخلے سے روک دیا.


Staff Reporter April 17, 2013
ٹیموں کیساتھ متعین اہلکاروں کوگینگ وار کے کارندوں نے لیاری میں داخلے سے روک دیا. فوٹو: فائل

GILGIT: کراچی میں جاری پولیومہم کے دوسرے روزبلدیہ ٹائون کے علاقے یو سی2میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے رضاکاروں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی وزیر صحت ڈاکٹر جنید علی شاہ نے رضاکاروںکی جانوں کے خطرے کے پیش نظرپولیومہم کوعارضی طورپر موخر کرنے کی ہدایت جاری کردی، معلوم ہوا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے حکام نے آج(بدھ کو) پولیوکے حوالے سے اجلاس بھی طلب کرلیا جس میںصورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

علاوہ ازیں انسداد پولیو مہم کی ٹیموں کے تحفظ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو گینگ وار کے ملزمان نے لیاری میں داخل ہونے سے روک دیا تھا ، لیاری کے داخلی راستوں پر گینگ وار کے ملزمان دستی بم ، راکٹ لانچر اور کلاشنکوف سے لیس ہو کر پہرہ دیتے ہیں۔



اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس کو بتایا کہ پیر کو جب انسداد پولیو مہم کے ورکرز بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلیے نپیئر تھانے کی حدود لیاری اولڈ کمہار واڑہ جا رہے تھے تو ورکروں کے ساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے تعینات کیے جانے والے پولیس اہلکاروں کو لیاری گینگ وار کے ملزمان نے علاقے میں جانے سے روک دیا۔

گینگ وار کے ملزمان نے پولیس کو یقین دہانی کرائی کہ انسداد پولیو مہم کے ورکروں کو قطرے پلانے کے دوران کچھ نہیں ہوگاتاہم پولیس افسران نے گینگ وار کے ملزمان سے مبینہ طور پر بات چیت کے بعد پولیس اہلکاروں کو علاقے میں جانے کی اجازت دیدی گئی تھی تاہم انھیں اپنے ساتھ سرکاری اسلحہ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔