ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق

کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزکوسال میں2لیگز میں شرکت کی اجازت ملے گی


Sports Reporter May 04, 2018
ریجنل پلیئرزکی فیسوں میں اضافہ،سلیکٹرزکی رائے کواہمیت دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں اس بار کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق ہوگیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں اس بار کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا،گذشتہ روز لاہور میں چیئرمین نجم سیٹھی کی زیرصدارت پی سی بی اجلاس میں اس حوالے سے تبادلہ خیال ہوا،لیگز کے حوالے سے بھی پالیسی بنا لی گئی، تواتر کے ساتھ غیر ملکی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلنے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کے فٹنس مسائل معمول کی بات بن چکے ہیں۔

دورۂ نیوزی لینڈ میں کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار نظر آئے تو ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پالیسی بنانا ہوگی،اس ضمن میں اب باضابطہ پیش رفت ہوئی ہے۔ انٹرنیشنل مقابلوں سے قبل توانائی محفوظ اور انجریز کے امکانات کم رکھنے کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو سال میں صرف 2 لیگز میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

دوسری جانب ریجنل کرکٹرز کے معاوضوں میں اضافے کی منظوری دیدی گئی،ٹیموں کا انتخاب کرتے ہوئے قومی سلیکٹرز کی رائے کو بھی اہمیت دی جائیگی،مقامی لیگز کو پی سی بی قوانین کے دائرے میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، میڈیا اور کمرشل رائٹس رکھنے والے ان ایونٹس میں اینٹی کرپشن اقدامات،کھلاڑیوں کے انتخاب اور فیس کی ادائیگی، اسپانسرز کے معاملات میں بورڈ کے قواعد وضوابط کی پابندی لازمی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق بیشتر فیصلوں کے مطابق حتمی رپورٹ چند روز میں تیار کرکے منظوری کیلیے پیش کردی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں