آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

گلین میکسویل جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن بولنگ کے باعث شہرت رکھتے تھے


ویب ڈیسک November 03, 2026

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل نے پیر کے روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی ان کا 14 سالہ بین الاقوامی کریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

 گلین میکسویل جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن بولنگ کے باعث شہرت رکھتے تھے۔ وہ دو مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہے اور چیمپئنز ٹرافی کے بعد پہلے ہی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے تھے۔

ان کے کیریئر کی یادگار ترین اننگز 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف تھی، جب آسٹریلیا نے 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا دی تھیں۔ میکسویل نے ناقابلِ شکست 201 رنز بنائے اور پیٹ کمنز کے ساتھ 202 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو 293 رنز کا ہدف عبور کرایا۔

38 سالہ کرکٹر نے 149 ون ڈے، 130 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 7 ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

میکسویل نے ون ڈے کرکٹ میں 126 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3 ہزار 390 رنز بنائے، جن میں 4 سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ انہوں نے 77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل کے بعد ون ڈے کرکٹ میں دوسرا بہترین اسٹرائیک ریٹ ہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں میکسویل نے 154.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار 897 رنز بنائے، جن میں 5 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 2012 میں شارجہ میں افغانستان کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔