خراب رویے کی وجہ سے عثمان شنواری اور احمد شہزاد پر جرمانہ

سلواوور ریٹ کی پاداش میں کامران اکمل ایک میچ باہر بیٹھ کر دیکھنے پر مجبور


Sports Reporter May 05, 2018
سلواوور ریٹ کی پاداش میں کامران اکمل ایک میچ باہر بیٹھ کر دیکھنے پر مجبور۔ فوٹو: فائل

پاکستان کپ میں خراب رویے کی وجہ سے عثمان شنواری اور احمد شہزاد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

فیصل آباد میں جاری ون ڈے کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران فیڈرل ایریاز کے پیسر عثمان شنواری نے پنجاب کیخلاف میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 51رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کیں، اس دوران ایک بیٹسمین کو آؤٹ کرنے پر ان کے نامناسب رویے کی میچ آفیشلز نے رپورٹ کردی،بعد ازاں کیس کی سماعت کے بعد فاسٹ بولر کو میچ فیس کا 50فیصد جرمانہ کردیا گیا۔

ادھر بلوچستان کے کپتان احمد شہزاد خیبر پختونخواکیخلاف میچ میں صرف36گیندوں پر 14چوکوں کی مدد سے 72رنز بنا چکے تھے کہ محمد عرفان کے تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے، وہ میدان چھوڑنے کے بجائے کریز پر کھڑے رہے اور ساتھی بیٹسمین رضوان حسین پر ناگواری کا اظہار بھی کیا،احمد شہزاد کو میچ فیس کا 40فیصد جرمانہ کیا گیا تھا۔

فیڈرل ایریاز کے کپتان کامران اکمل کو سلواوور ریٹ کی وجہ سے جمعرات کو سندھ کیخلاف میچ باہر بیٹھ کر دیکھنا پڑا اور قیادت کا بوجھ صہیب مقصود نے اٹھایا، حیرت کی بات ہے کہ ٹیم مینجمنٹ مقامی میڈیا کو بتاتی رہی کہ کامران کو آرام کی غرض سے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے امپائرز اور میچ ریفریز کو ڈسلپن کے حوالے سے سخت پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس ضمن میں کسی خلاف وزری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں