ایف بی آر کی بجٹ تیاریاںسیکیورٹی وانتظامی پلان منظور

ممبرایڈمن چیف کوآرڈینیٹر اورچیف ایڈمن چیف سیکیورٹی آفیسربجٹ مقرر.


Irshad Ansari April 18, 2013
آئندہ ہفتے سے عام افرادوملاقاتیوں کے داخلے پربھی پابندی لگادی جائیگی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے باعث آئندہ ہفتے سے ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جبکہ سال 2013-14کے بجٹ کے لیے سیکیورٹی وایڈمنسٹریٹو پلان کی بھی منظوری دیدی گئی ہے جس کے تحت ممبر ایڈمن شاہد حسین جتوئی کو بجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر جبکہ چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسر مقرر کردیا گیا ہے۔ ''ایکسریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے سیکریٹری ایس اینڈ ایم محمود حسین کو ڈپٹی چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر میں بجٹ سازی کی وجہ سے آئندہ ہفتے سے عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائیگی جبکہ ایف بی آر نے وفاقی بجٹ اور بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے کر 2صفحات پر مشتمل 13 نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دیدی ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری کیلیے ممبر ایڈمن شاہد حسین جتوئی کو چیف کوآرڈینیٹر بجٹ کا چارج دیدیا ہے، چیف ایڈمن کو چیف سیکورٹی آفیسر بجٹ اور محمود حسین کو ڈپٹی چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ مقرر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ تمام افسران و ملازمین کیلیے آئندہ ہفتے سے دفتری شناختی کارڈز آویزاں کرنے کو لازمی قرار دیدیا جائیگا تاکہ ملازمین و اہلکاروں کی شناخت ہوسکے، اس بارے میں سرکلر کے ذریعے ہدایات جاری کردی جائیںگی۔ ذرائع کے مطابق بجٹ کی تیاری کیلیے تمام تکنیکی ونگز میں کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر بجٹ تعینات کردیے گئے ہیں جو اپنے متعلقہ ونگ کے حوالے سے چیف کوآرڈینیٹر بجٹ کے ساتھ تعاون و رابطے کو یقینی بنائیں گے جبکہ سیکنڈ سیکریٹری کونسل کیلیے بجٹ کے حوالے سے تمام اجلاسوں میں شرکت لازمی ہوگی۔



دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے بجٹ تقریر کی تیاری کیلیے انگریزی اور اردو کی ڈکشنریاں بھی طلب کرلی ہیں، لوڈ شیڈنگ کے باعث جنریٹر کا انتظام کیا گیا ہے، بجٹ کی پرنٹنگ و دستاویز کی اسٹوریج کیلیے کمرے بھی خالی کرالیے گئے ہیں اور پرنٹرز کی بھی چیکنگ شروع کردی گئی ہے، بجٹ پارلیمنٹ میں پیش ہوتے وقت ایف بی آر سے باہر آسائنمنٹس کیلیے افسران کی تعیناتی اور ریکارڈ تیار کرنے کیلیے چیف کوآرڈینیٹر بجٹ کی تحریری اجازت ضروری ہو گی۔

ذرائع کے مطابق کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹرز بجٹ کے دفاتر قریب قریب رکھے جائیں گے تاکہ مشاورت میں آسانی اور وقت کی بچت ہو سکے۔ دستاویز میں کہا گیاکہ پاکستان ریونیو آٹو میشن لمیٹڈ (پرال) کا کمپوزنگ سیکشن کمپوزنگ کے لیے مختلف سیکشن کی طرف سے بھجوائے جانے والی صرف وہ دستاویزات وصول کریگا جو متعلقہ سیکشن کے بجٹ کوآرڈینیٹرز کی دستخط شدہ ہونگی جبکہ بجٹ دستاویز کی فائنل پرنٹنگ کوآرڈینیٹر کے دستخطوں کے بعد کی جائیگی، بجٹ سازی کے دوران افسران و عملے کو ادارے کی طرف سے کھانادیاجائیگا۔