کانز میں کیا پہننا ہے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا، ماہرہ خان کی پریشانی

ویب ڈیسک  جمعرات 10 مئ 2018
امید ہے لوگ مجھ سے خوش رہیں اور سمجھیں کہ میں پہلی بار کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کررہی ہوں ، ماہرہ خان فوٹو:انسٹاگرام

امید ہے لوگ مجھ سے خوش رہیں اور سمجھیں کہ میں پہلی بار کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کررہی ہوں ، ماہرہ خان فوٹو:انسٹاگرام

کراچی: نامور اداکارہ ماہرہ خان بین الاقوامی فلم فیسٹیول کانز میں پہلی بار شرکت پر بہت زیادہ پریشان اور نروس ہیں یہاں تک کہ انہوں نے ابھی تک اس بات کا بھی فیصلہ نہیں کیا کہ کانز میں کون سالباس پہننا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان پہلی بار 71 ویں سالانہ انٹرنیشنل کانز فلم فیسٹیول میں بین الاقوامی برانڈ لوریال پیرس  کی برانڈایمبیسڈر کے طور پر شرکت کرنے جارہی ہیں۔ ماہرہ  خان بین الاقوامی فلمی میلے میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کرتی اور کانز کے ریڈ کارپٹ پر بالی ووڈ اور ہالی ووڈ حسیناؤں کے ساتھ قدم سے قدم ملاتی نظر آئیں گی۔

لوریال پیرس کے مینجنگ ڈائریکٹر مشرف ہائی نے ماہرہ کی کانز میں شرکت کے حوالے سے کہا’’ماہرہ خان پاکستانی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں اور کانز میں شرکت کرکے وہ پاکستانی ٹیلنٹ کو دنیا بھر میں متعارف کرائیں گی ہمیں فخر ہے کہ ہم ہمیشہ بڑے ناموں کے ساتھ کانزمیں شرکت کرتے ہیں۔‘‘

اس خبرکوبھی پڑھیں: ماہرہ پہلی بارپاکستان کی نمائندگی کریں گی

کانز میں پہلی بار شرکت پر ماہرہ خان بہت زیاہ نروس اور پریشان ہیں اس حوالے سے کراچی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ماہرہ نے کانز میں شرکت کے حوالے میڈیا نمائندوں سے بات کی اور کہا کہ وہ پہلی بار کانز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جارہی ہیں لہٰذا بہت نروس لیکن پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے ایسا لگ رہا ہے میں پاکستانی ٹیم کی کھلاڑی ہوں لیکن اکیلے کھیل رہی ہوں۔

کانز میں شرکت کرنے والی اداکاراؤں کے فیشن سینس اور اسٹائل کی  دنیا بھر میں دھوم مچ جاتی ہے۔ لہٰذا ہر کوئی جانناچاہتا ہے کہ ماہرہ خان کانز کے ریڈ کارپٹ پر کون سا لباس پہن کر شرکت کریں گی، تاہم ماہرہ کا کہنا ہے کہ  انہوں نے ابھی تک اس بات کا فیصلہ ہی نہیں کیا کہ وہ کون سالباس پہن کر کانز میں شرکت کریں گی اور اسی بات کو لے کر سخت پریشان ہیں۔

ماہرہ خان نے کہا کانز فلم فیسٹیول میں شرکت پاکستانی ٹیلنٹ کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کی شروعات ہے میری خواہش ہے کہ آرٹ، سینما اور کلچر سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کو بھی ایسا موقع ملے۔

بین الاقوامی فلمی میلے میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کرنے پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں ان سب کیلئے بالکل بھی تیار نہیں تھی لیکن میں بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرنے پر بہت زیادہ محتاط ہوں۔

ماہرہ نے مزید کہا میرے دوست مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں کانز کے ریڈ کارپٹ پر کس طرح پوز دوں گی مجھ پر بہت زیادہ دباؤ ہے، امید ہے لوگ مجھ سے خوش رہیں اور سمجھیں کہ میں پہلی بار کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کررہی ہوں۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان کے ساتھ کانز فلم فیسٹیول میں بالی ووڈ اداکارائیں کنگنا رناوت، دپیکا پڈوکون، سونم کپور، ایشوریا رائے بچن بھی شرکت کررہی ہیں۔ ماہرہ خان 15 مئی کو ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔