بہترین دستیاب پلیئرز پر مشتمل متوازن ٹیم بنائی جلال الدین

بھارت کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،سری لنکا سخت حریف ثابت ہوگا، ویمنز چیف سلیکٹر


Sports Reporter May 12, 2018
بھارت کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،سری لنکا سخت حریف ثابت ہوگا، ویمنز چیف سلیکٹر۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین و سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین نے کہا ہے کہ اے سی سی ویمنز ایشیا کپ کیلیے پاکستان کی15رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم بہت متوازن اور دستیاب بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

چیف سلیکٹر نے ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کے اعلان کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران اور بعدزاں نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بھارت کو شکست دے سکتی ہے، سری لنکا سخت حریف ثابت ہوسکتی ہے، غیرملکی کوچ کی آمد سے ٹیم کا مورال بلند ہوا اور کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں بہتر نتائج کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کرلیا ہے،

جلال الدین نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا انتخاب جمعرات کو مکمل ہونے والے ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کے بعد کیا گیا ہے، جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ ان کے سابق انٹرنیشنل تجربے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے ان کے علاوہ بھی کئی با صلاحیت کھلاڑی ہماری نظروں میں ہیں۔

ویمنز چیف سلیکٹر نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور سری لنکا سے سخت ہوگا، میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ بھارت کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرکے اپنے آپ کو منواسکتی ہیں، کپتان بسمعہ معروف اور سابق قومی ویمن کپتان اور ٹیم کی سینئر کھلاڑی ثنا میر کے درمیان طویل عرصے سے مکمل ہم آہنگی ہے جو ویمن ٹیم کے لیے سود مند ہے۔

جلال الدین نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان ویمن ٹیم کو سخت مقابلے درپیش ہوں گے، ایشیا کپ کے بعد عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ اہمیت کا حامل ہے جبکہ سری لنکا،جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول سیریز کے لیے سخت محنت درکار ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ قومی ویمن ٹیم میں بتدریج بہتری آرہی ہے جبکہ اسے اب بھی کئی شعبوں میں مزید کام کرنا ہے، خاص طور پر فٹنس کے معاملے میں کافی محنت درکار ہے، نیوزی لینڈ سے آنے والے کوچ مارک کولز کھلاڑیوں پر بھر پور محنت کر رہے ہیں اور کھلاڑی بھی ان سے بہت خوش اور سیکھ رہی ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایشیاکپ کے لیے پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ ملائیشیا میں لگانے کا پلان ہے جو اس کے لیے فائدہ مند رہے گا۔

واضح رہے کہ ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں 3سے10جون تک کھیلا جائے گا جس میں میزبان ملائیشیا کے ساتھ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور تھائی لینڈ بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں