کراچی میں فٹبال کی رونقیں بحال کرنے کاآغاز

سہیل بلوچ فاؤنڈیشن بناکرلیاری کے فٹبالرز کی صلاحیتوں کو اجاگرکرینگے


Sports Reporter May 16, 2018
سہیل بلوچ فائونڈیشن بناکرلیاری کے فٹبالرز کی صلاحیتوں کو اجاگرکرینگے فوٹو: فائل

کراچی میں فٹبال کی رونقیں بحال کرنے کے لیے مزید ایک اور کوشش کا آغاز ہوگیا۔

پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے سابق صدر سہیل بلوچ نے فٹبال فاؤنڈیشن قائم کرکے لیاری سے ابھرتے ہوئے نوجوان فٹبالرز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بیڑا اٹھا لیا، وش فاؤنڈیشن کے تحت اکیڈمی بناکر 16 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کا انتخاب کرکے ان کو معیاری تربیت فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائیگا، اس ضمن میں فاؤنڈیشن نے لیاری سپر فٹبال لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے، لیاری سے تعلق رکھنے والے ویمن فٹبالرز کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرنے کیلیے ویمن فٹبال ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی اور ان کے درمیان مقابلے کرائے جائیں گے۔

سہیل بلوچ نے لیاری سے فٹبال کے فروغ کیلیے اپنی کاوشوں کے آغاز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کراچی کا قدیم علاقہ لیاری کھیلوں کے حوالے سے بہترین ٹیلنٹ رکھتا ہے، ماضی میں اس علاقے سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں خاص طور پر فٹبال، باکسنگ اور سائیکلنگ کے ذریعے نہ صرف اپنا بلکہ ملک و قوم کے ساتھ علاقے کا نام بھی روشن کیا، آج بھی لیاری میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے لیکن اسے مناسب مواقع میسر نہیں، سہیل بلوچ نے کہا کہ وش فائونڈیشن کے قیام کا مقصد لیاری سے بہترین ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

اس ضمن میں پہلے مرحلے میں 16 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کیلیے لیاری سپر فٹبال لیگ کا اہتمام کیا جارہا ہے جو ممکنہ طور پر 23 جون سے کے پی ٹی بینظیر اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پر کھیلی جائے گی، 2 جولائی تک جاری رہنے والی اس لیگ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی، ان ٹیموں کے لیے 256 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے جس کے لیے 4 روزہ ٹرائلز منگل کو کے ایم سی فٹبال اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوگئے۔

سینئر فٹبالرز کی معاونت سے ہونے والے ان اوپن ٹرائلز میں لیاری کے ابھرتے ہوئے فٹبالرز نے اپنی خداداد صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کیا جو قابل رشک رہیں، ایک سوال کے جواب میں سہیل بلوچ نے کہاکہ ان ٹیموں کو لیاری کے مختلف علاقوں کے ناموں سے منسوب کیا جائے گا، کوشش کی جائے گی کہ ہر ٹیم میں اسی علاقے کا کھلاڑی شامل ہو، اس سے کھلاڑیوں میں مقابلے کے رحجان میں بھی اضافہ ہوگا جبکہ یہ امر شائقین کے لیے بھی دلچسپی اور کشش کا باعث بنے گا، لیگ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں کو پر کشش انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ اچھی کارکردگی پیش کرنے والے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ اور حوصلہ افزائی کے لیے ان کو بیش قیمت انعامات بھی دیے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ وش فاؤنڈیشن کے تحت فٹبال اکیڈمی کا بھی قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں