چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہاکی پلیئرز کے تربیتی کیمپ کا آج آغاز ہوگا

کل ٹریننگ شروع کی جائے گی، قومی کوچ محمد ثقلین ٹیم کی عمدہ کارکردگی کیلیے پرامید


Sports Reporter May 19, 2018
دوسرے مرحلے میں منتخب کھلاڑی ایدھی اسٹیڈیم میں رپورٹ کرینگے۔ فوٹو: فائل

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کا دوسرا مرحلہ ہفتے سے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔

پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے منتخب کھلاڑیوں کو19مئی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اگلے روز سے کھلاڑی صبح اور شام کے الگ الگ سیشنز میں بھر پور ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، وقار، محمد عرفان سینئر، محمد فیصل قادر، محمد علیم بلال، تعظیم الحسن، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، جنید منظور، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، غضنفر علی، عبدالوحید اشرف، اظفر یعقوب، محمد عتیق، محمد ارسلان قادر، اعجاز احمد، سمیع اللہ، رانا سہیل ریاض، عرفان جونیئر، محمد دلبر، نوید عالم، اسد عزیز، محمد بلال قادر، محمد رضوان، محمد جنید کمال، خضر حیات، تیمور ملک، محمد عاطف مشتاق ، اویس اور عمر حامدی شامل ہیں۔قومی کپتان رضوان سینئر اور راشد محمود یورپ میں ہاکی لیگ کی وجہ سے ایبٹ آباد میں شیڈول کیمپ کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

دوسرے مرحلے میں یہ دونوں پلیئرز بھی ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ کیمپ میں ہیڈ کوچ راولنٹ اولٹمینز ٹیم منیجر حسن سردار، کوچز محمد ثقلین اور ریحان بٹ اور آسٹریلوی ٹرینر بھی موجود ہوں گے۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 23 جون سے شروع ہوکر یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری رہے گی جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 جون کو مدمقابل ہوگی۔ 24 جون کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

ادھر پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ محمد ثقلین کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں کیمپ لگانے کا تجربہ شاندار رہا، سخت ٹریننگ کے بعد اب پلیئرز مکمل طور پر فٹ ہیں، آسٹریلوی ٹرینر کے آنے سے کھلاڑیوں کو خاصا فائدہ پہنچا ہے، کراچی میں شیڈول کیمپ کے دوران ٹیم کے گول کیپنگ، پنالٹی اسٹروکس اور دفاعی شعبوں پر بھرپور کام کیا جائے گا۔

ایک سوال پر سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ہم درست سمت کی جانب گامزن ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں