امن و امان کی ناقص صورتحال انتخابی پرچم بینر اور پینافلیکس کی تیاری کم ہوگئی

گزشتہ انتخاب میں 20لاکھ پرچم اوربینرزلگائے گئے، الیکشن کمیشن کےمقررکردہ سائزکا پرچم40 اور بینر80 روپے میں بن رہاہے.


Kashif Hussain April 22, 2013
ماضی کے مقابلے میں اسکرین پرنٹرز کے پاس کام کم ہوگیا ،اب تک کوئی بڑا آرڈر نہیں ملا،صرف متحدہ کا میٹریل تیار کررہے ہیں،دکاندار. فوٹو: ایکسپریس

انتخابی مہم کے لیے محدود مدت اور امن و امان کے سبب سیاسی جھنڈوں اور بینرز کی تیاری 2008 کے مقابلے میں70فیصد تک کم ہے۔

انتخابی مہم کے آغاز کے باوجود پرچم اور بینر بنانے والے اسکرین پرنٹرز کے پاس کام کم ہے جبکہ پینا فلیکس کی تیاری کا کام بھی50 فیصد کم ہے،عام انتخابات کے انعقاد سے ملک بھر میں کئی طرح کے کاروبار بھی چمک اٹھتے ہیں جن میں تشہیری مواد کی تیاری کا کام سرفہرست ہے تاہم انتخابات کے متعلق بے یقینی،انتخابی مہم کے لیے محدود مدت اور شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال تشہیری مواد کی تیاری کے کام میں رکاوٹ ہے،الکرم اسکوائر، ناظم آباد اور پاکستان چوک میں 150 سے زائد پینافلیکس مشینیں نصب ہیں اور کئی دکانداروں نے الیکشن مہم کے لیے مشینیں لگائی ہیں تاہم دکاندار کام کی کمی کے باعث فارغ بیٹھے ہیں۔



الکرم اسکوائر میں 22 سال سے کام کرنے والے اسکرین پرنٹر آصف ستار نے صورتحال کو مایوس کن قرار دیا انھوں نے بتایا کہ 2008 کے انتخابات کی تیاریاں 2 ماہ قبل شروع کردی گئی تھیں اس سال ابھی تک کوئی بڑا آرڈر موصول نہیں ہوا صرف ایم کیو ایم کے لیے تشہیری میٹریل تیار کیا جارہا ہے،گزشتہ انتخابات میں شہر میں 20 لاکھ چھوٹے پرچم اور بینرز لگائے گئے تھے اس وقت الیکشن کمیشن کے مقرر کردہ سائز کا پرچم 25 سے 40 روپے اور بینر 75سے 80 روپے میں تیار کیا جارہا ہے۔

الکرم کی مارکیٹ میں کسی آزاد امیدوار کے تشہیری مواد کی تیاری کا آرڈر موصول نہیں آیا، گزشتہ انتخابات میں مارکیٹ سے ملک بھر کے لیے میٹریل تیار کیا گیا تھا،پینافلیکس کے کام نے کاروبار پر بہت منفی اثرات مرتب کیے ہیں ہاتھ سے لکھائی کی طرح اب اسکرین پرنٹنگ کا کام بھی ماند پڑ رہا ہے،اس سال الیکشن کے موقع پر انتخابی نشان کے بجائے سیاسی جماعت اور سیاسی قائدین کی تصایر اور نام والے پرچم زیادہ تیار کیے جارہے ہیں۔

پرچم اور بینر کی لاگت بڑھ گئی پینا فلیکسمسابقت میں سستے ہوگئے

کپڑے سے بنے پرچم اور بینرز کی تیاری کی لاگت میں گزشتہ انتخاب کے مقابلے میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن پینافلیکس کے دکانداروں کی سخت مسابقت سے کپڑے کے بینرز اور پرچم کے مقابلے میں50 فیصد کم قیمت پر تیار کیے جارہے ہیں، بینرز اور پرچم بنانے والوں کے مطابق کورے کپڑے، کلر، مٹی کے تیل اور پرنٹنگ کے دیگر لوازمات کی قیمت دگنی ہوچکی ہے اسی طرح لیبر کی اجرت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے،پینافلیکس کے نرخ 2008 کے مقابلے میں 50 سے 60 فیصد کم ہوگئے ہیں جس سے کپڑے کے بینرز اور پرچم کی تیاری کے کاروبار کو سخت دبائو کا سامنا ہے ۔

مقبول خبریں