نگراں وزیراعظم پر اب شاہد خاقان عباسی سے ملاقات نہیں ہوگی خورشید شاہ

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کے درمیان آج ملاقات منسوخ ہوگئی


ویب ڈیسک May 24, 2018
پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے، خورشید شاہ فوٹو:فائل

KARACHI: نگراں وزیراعظم کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے جب کہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ معاملے پر شاہد خاقان عباسی سے اب کوئی ملاقات نہیں ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزبِ اختلاف خورشید شاہ کی نگراں وزیراعظم کے حوالے سے آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے اور معاملہ مزید تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں، اب ان سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ملاقات نہیں ہو گی، ہمیں کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادوں، پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گزشتہ روز بھی شکوہ کیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائیگا، حکومت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔

مقبول خبریں