شاہین ایئر کی دبئی پرواز کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 3 جون 2018
ادائیگی کے بعد ہی پروازوں کواڑان بھرنے کی اجازت دی جائے گی، سول ایوی ایشن۔ فوٹو:فائل

ادائیگی کے بعد ہی پروازوں کواڑان بھرنے کی اجازت دی جائے گی، سول ایوی ایشن۔ فوٹو:فائل

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی اور شاہین ایئرکا تنازع شدت اختیار کرگیا جس کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے  ہفتے کو شاہین ایئر کی دبئی جانے والی پرواز کو اڑان بھرنے سے روک دیا۔

ہفتے کو شاہین ایئر کی پرواز این ایل 221 اسلام آباد سے دبئی اور دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز این ایل 224 کو اْڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی ،سول ایوی ایشن نے شاہین ایئر لائن کو واجبات کی ادائیگی کیلیے یکم جون تک کی مہلت دی تھی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کے لیے خط شاہین ایئرکو ارسال کیا گیا تھا ،جس میں کہاگیا تھا کہ سی اے اے کے جاری کردہ خط کے مطابق یکم جون تک سول ایوی ایشن اتھارٹی کے واجبات اد انہیں ہوئے تو 2جون سے بیرون ملک جانیوالی پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 54 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ادا کرنے ہیں، ادائیگی کے بعد ہی سول ایوی ایشن پروازوں کو اڑان بھرنے کی اجازت دے گی۔

واضح رہے کہ سی اے اے نے پہلے ہی شاہین ایئر لائن کے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پرشاہین ایئر کیلیے ایوو برج سروس بند کر چکا ہے، برج سروس بند ہونے کے باعث شاہین ایئر لائن کے مسافروں کو بسوں کے ذریعے جہاز تک پہنچایا اور لایا جارہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔