سنجے دت نے نشے کی حالت میں مجھ پر تشدد کیا، بہن کا انکشاف

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 جون 2018
 سنجے دت کی پچھلی زندگی کی جھلک اداکار رنبیر کپور فلم’سنجو‘کے ذریعے پیش کررہے ہیں فوٹو:فائل

سنجے دت کی پچھلی زندگی کی جھلک اداکار رنبیر کپور فلم’سنجو‘کے ذریعے پیش کررہے ہیں فوٹو:فائل

ممبئی: اداکار سنجے دت کی بہن نمرتا دت نے انکشاف کیا تھا کہ سنجے دت جب نشے میں ہوتے تھے وہ کچھ بھی نہیں دیکھتے تھے یہاں تک کہ ایک بار نشے کی حالت میں انہوں نے مجھ پر بھی تشدد کیا تھا۔

اداکار سنجے دت ہمیشہ ہی تنازعات کی زد میں رہے ہیں اور ابتدا ہی سے ان کی زندگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ کیریئر کی ابتدا میں ہی سنجے دت منشیات اور شراب جیسی غلط عادتوں میں مبتلا ہوگئے تھے۔ منشیات کے استعمال نےسنجے دت کی زندگی اور ان سے جڑے رشتوں کو ان سے دور کردیا تھا یہاں تک کہ انہیں نشے کی حالت میں اپنے آس پاس موجود گھر والوں کا خیال بھی نہیں رہتا تھا۔ سنجے دت کی پچھلی زندگی کی جھلک اداکار رنبیر کپور فلم’سنجو‘کے ذریعے پیش کررہے ہیں تاہم ان کی بہن نمرتا دت بھی ماضی میں دئیے گئے انٹرویو میں اپنے بھائی کی تاریک زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرچکی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سنجے دت اپنی زندگی کی غلط تصویر پیش کرنے پرشدید برہم

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت کی بہن نمرتا دت نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ نشے کی لت نے کیسے ان کے بھائی کی زندگی بری طرح متاثر کی تھی۔ ہر روز میں اپنے بھائی سے اس بارے میں بات کرنے کی کوشش کرتی تھی لیکن کوئی فائدہ نہیں تھا، وہ بہت زیادہ چلانے لگ جاتا تھااور جھگڑا کرنے لگتاتھا۔ ہماری ماں اداکارہ نرگس کی موت کے بعد ایک رات میرا بھائی(سنجے دت)شراب کے نشے میں دُھت گھر آیااسے اس حالت میں دیکھ کر میں اس پر چلائی اور وہ بھی مجھ پر چلایا، جس پر میں نے اسے دھکا دیا جواب میں سنجے دت نے بھی مجھے اتنی زور سے دھکا دیا کہ میرا انگوٹھا فریکچر ہوگیا، وہ بہت مشکل دن تھے۔

اداکار سنجے دت نے بھی اپنی پچھلی زندگی کےبارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ جب میری ماں کو کینسر ہوا میں نشے کی لت میں مبتلا ہوچکا تھا۔ سنجے دت نے انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک بار میں ایک کلوگرام ہیروئن اپنے جوتے میں چھپا کر اپنی بہنوں کے ساتھ سفر کررہا تھا اس وقت ایئرپورٹ پرسیکیورٹی اتنی سخت نہیں ہوتی تھی لہٰذا ہم نکل گئے لیکن آج جب میں اس واقعے کے بارے میں سوچتاہوں تو کانپ جاتا ہوں ، میں پکڑا جاتا توٹھیک تھا لیکن میری بہنوں کا کیا ہوتاآپ کو اپنی فیملی سے زیادہ اور کسی کی فکر نہیں کرنی چاہیئے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میں اپنے بچوں کو اپنی کہانی خود سناؤں گا

واضح رہے کہ سنجے دت کی بہنیں نمرتا اور پریادت ان سے بے حد محبت کرتی ہیں سنجے دت کے جیل میں گزارے گئے دنوں میں ان کی بہنوں نے ان کا ساتھ نہیں چھوڑا تھاوہ باقاعدگی سے اپنے بھائی سے جیل میں ملاقات کے لیے آتی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔