متعدد امیدواروں کو فارم بھرنا نہیں آتا قانون سازی کیا کریں گے، الیکشن کمشنر سندھ

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 جون 2018
فارم صحیح نہ بھرنے کے باعث وقت ضائع ہورہا ہے، محمد یوسف خان خٹک،فوٹو:فائل

فارم صحیح نہ بھرنے کے باعث وقت ضائع ہورہا ہے، محمد یوسف خان خٹک،فوٹو:فائل

 کراچی: الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے کہا ہے کہ متعدد امیدواروں کوانتخابی فارم بھرنا بھی نہیں آتا یہ قانون سازی کیا کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک  نے کہا کہ  کئی امیدواروں کو فارم پر کرنا نہیں آرہا ہے جو افسوس کا مقام ہے، فارم صحیح نہ بھرنے کے باعث وقت ضائع ہورہا ہے، جو امیدوار فارم نہیں بھرسکتا وہ اسمبلیوں میں قانون سازی کیسے کرے گا۔

صوبائی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ کسی سیاسی جماعت نے اب تک اپنی ترجیحی فہرست جمع نہیں کرائی ، تمام سیاسی جماعتیں ترجیحی فہرست جلد جمع کروادیں، جن جماعتوں نے ترجیحی فہرست  جمع نہیں کرائی ان کے فارمز مسترد کردیئے جائیں گے۔

محمد یوسف خان خٹک نے کہا کہ وائس چانسلر جامعہ کراچی الیکشن ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ کی فہرست ڈی سی آفس میں جمع کروادیں، جو اساتذہ ڈیوٹی انجام نہیں دیں گے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے، آرٹیکل 220 کے تحت یہ  آئینی ذمے داری ہے کہ تمام ادارے صوبائی الیکشن کمشنر کو مدد فراہم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔