انیل کپور کا سونم کی سالگرہ کے موقع پر جذباتی پیغام

ویب ڈیسک  پير 11 جون 2018
اداکارہ سونم کپور نے گزشتہ روز اپنی 33 ویں سالگرہ منائی، فوٹو:فائل

اداکارہ سونم کپور نے گزشتہ روز اپنی 33 ویں سالگرہ منائی، فوٹو:فائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے اپنی بیٹی سونم کپور کی سالگرہ کے موقع پر اس کی نوجوانی کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے جذباتی پیغام تحریر کیا۔

اداکارہ سونم کپور نے گزشتہ روز 9 جون کو اپنی 33 ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر ان کے والد اداکار انیل کپور نے اپنی بیٹی کی نوجوانی کی ایک خوبصورت تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی اور ان کے لیے نہایت جذباتی پیغام تحریر کرتے ہوئے لکھا میری پیاری بیٹی سونم کپورنہ صرف اسکرین پر بہت خوبصورت دلہن نظر آتی ہے بلکہ حقیقت میں بھی بہت خوبصورت دلہن ہے، تم نے دنیا کو ایک بار پھر باور کرادیا کہ تم  کتنی ناقابل یقین ہو، اور اب آنند آہوجا تمہارے ساتھ ہے ، سالگرہ بہت مبارک ہو، میں تمہیں بہت یاد کرتا ہوں اور آج کے دن تم زیادہ یاد آرہی ہو۔‘‘

اداکارہ سونم کپور کی شادی کے بعد یہ پہلی سالگرہ ہے اس موقع پر نہ صرف ان کے والد نے اپنی بیٹی کی نوجوانی کی تصویر شیئر کی ہے بلکہ سونم کے شوہر آنند آہوجا نے بھی ان کی ایک خوبصورت تصویر انسٹا گرام پر شیئر کرکے انہیں مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ سونم کپور کی حال ہی میں ریلیز ہوئی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے، فلم ایک ہفتے کے دوران 52 کروڑ75 لاکھ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے، فلم میں سونم کپور کے ساتھ اداکارہ کرینہ کپور خان، سوارا بھاسکر اور شیکھا تلسانیہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔