دانش کنیریا اپیل مسترد ہونے کی وجہ سے لاعلم

اپیلٹ پینل کے فیصلے کی تفصیلات سامنے آجائیں تواگلا قدم اٹھائیں گے،سابق اسپنر


Sports Desk/AFP April 28, 2013
اپیلٹ پینل کے فیصلے کی تفصیلات سامنے آجائیں تواگلا قدم اٹھائیں گے،سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

دانش کنیریا اپیل مسترد ہونے کی وجہ سے لاعلمی ظاہر کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم اپیلٹ پینل کے فیصلے کی وجوہات جاننے کے منتظر ہیں، ایک بار تفصیلات سامنے آجائیں تو اگلا قدم اٹھائینگے۔

لیگ اسپنر دانش کنیریا کی اسپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی اور جرمانے کے خلاف اپیل گذشتہ روز مسترد ہوگئی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ کنیریا کو اس بات کا علم تک نہیں کی کہ ان کی اپیل مسترد کس بنیاد پر کی گئی، انھوں نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ میرے لیے فیصلہ انتہائی مایوس کن ہے، ہم صرف اس کی وجوہات کا انتظار کررہے ہیں، جیسے ہی ہمیں معلوم ہوگا کہ پینل نے کس بنیاد پر ہماری درخواست مسترد کی آئندہ کے اقدام پر غور کریں گے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ دانش کنیریا نے تاحیات پابندی کے خلاف اپیل کے ساتھ ایک اور درخواست بھی کی جس میں پابندی کی مدت اور جرمانے کی رقم میں کمی کا کہاگیا تھا، اس بارے میں سماعت بعد میں ہوگی۔



کنیریا کے وکیل فروغ نسیم پہلے ہی انگلش بورڈ کے فیصلے کیخلاف جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرچکے ہیں، انھوں نے واضح کیا تھا کہ جیسے ہی اپیلٹ پینل کا تحریری فیصلہ موصول ہوگا وہ اس کے خلاف لندن ہائیکورٹ میں کیس کریں گے۔ ای سی بی دانش کنیریا کی اپیل مسترد ہونے پر کافی خوش ہے، بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ کولیئر نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپیل پینل کا کیس کی سماعت کرنے پر شکرگزار اور اینٹی کرپشن یونٹ کو اس سلسلے میں خاص طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ای سی بی کھیل کو کرپشن سے صاف کرنے کیلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔