دوسرا ٹیسٹ ناقص امپائرنگ کے باوجود بنگلہ دیش کا پلڑا بھاری

زمبابوے کیخلاف272رنزکی سبقت،شکیب الحسن اور مشفیق کی نصف سنچریاں.


Sports Desk April 28, 2013
دوسرا ٹیسٹ: بنگلہ دیشی بیٹسمین مومن الحق سلپ میں موجود زمبابوین فیلڈر ہیملٹن مساکیڈزا کو کیچ تھامتے دیکھ رہے ہیں ، انھوں نے 29 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

ہرارے ٹیسٹ میں ناقص امپائرنگ کے باوجود بنگلہ دیش کا پلڑا بھاری رہا، زمبابوے کیخلاف اسے272 رنزکی سبقت مل گئی۔

شکیب اور مشفیق نے ففٹیز بنائیں، ٹیم نے تیسرے دن کے اختتام پر5 وکٹ گنواکر 163رنز بنائے، کپتان 50پر ناٹ آئوٹ ہیں جبکہ ساتھی پلیئر59 رنزبناکر پویلین لوٹے، دونوں کے درمیان 84رنز کی شراکت بنی، اس سے قبل زمبابوین سائیڈ 282 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ایلٹن چگمبرا86رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بنے، روبیع الاسلام نے 5 اور سوہاگ غازی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔



تفصیلات کے مطابق ہرارے ٹیسٹ کے تیسرے دن 18 پر 3 ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کے پویلین واپس لوٹنے کے بعد شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 84رنز کی شراکت بنی، مومن الحق(29) اور شکیب(59) کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 47 کی پارٹنر شپ ہوئی، اس سے قبل مساکیڈزا نے لگاتار دو اوورز میں تمیم اقبال اور جواہر الاسلام کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرایا،تمیم کا فیصلہ مشتبہ رہا تاہم امپائر ٹونی ہل نے انھیں کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا۔

جارویس کی گیند پر اشرفل کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیے جانے کا فیصلہ بھی متنازع رہا، ری پلے ظاہر کررہے تھے کہ گیند لیگ اسٹمپ مس کررہی تھی، مشفیق 50 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل زمبابوے کی پہلی اننگز 282 پر تمام ہوگئی،86رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بننے والے ایلٹن چگمبرا نے رچمونڈ موتمبامی کے ہمراہ 85 کی شراکت بنائی، موتمبابی42رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، روبیع الاسلام مسلسل دو اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے بنگلہ دیشی سیمر بنے، سوہاگ نے 4کھلاڑیوں کو قابو کیا۔