نبیل گبول نے لیاری میں فوج کی تعیناتی کی درخواست دائرکردی
حلیم عادل کی تحفظ کی درخواست،انتخابی نشان سے محروم کیا گیا،مندوخیل
لیاری سے قومی اسمبلی کے امیدوار نبیل گبول نے انتخابات کے موقع پر لیاری میں فوج کی تعیناتی کیلیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
جس میں استدعا کی گئی ہے کہ این اے248 میں انتخابات کیلیے پولیس اور رینجرز کے ساتھ پاک فوج کو تعینات کیا جائے، نبیل گبول اس مرتبہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے امیدوار ہیں،مسرور علوی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں وفاقی و صوبائی وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیاری میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔
یہاں جرائم پیشہ عناصر کا راج ہے،انکی مرضی کے بغیر نقل و حرکت ممکن نہیں ،کراچی سے متعلق سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چاکیواڑہ اور کلاکوٹ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ایس پی لیاری نے اعتراف کیا ہے کہ لیاری نوگوایریا ہے جہاں مختلف جرائم پیشہ گروہوں کا قبضہ ہے،درخواست گزار کے مطابق آئین کے آرٹیکل218(3)اور220 کے تحت مدعا علیہان شفاف انتخابات کیلیے پر امن ماحول فراہم کرنے کے پابند ہیں۔

امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کا تقاضا ہے کہ لیاری میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ این اے 248 میں انتخابات کیلیے پولیس اور رینجرز کے ساتھ پاک فوج کو تعینات کیا جائے،جسٹس ندیم اختر پر مشتمل سنگل بینچ نے این اے 239 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کے تعین کے لیے مسلم لیگ کے صدر نواز شریف کو 2 مئی تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے، درخواست گزار قادر خان مندوخیل نے موقف اختیارکیا ہے کہ انھیں پارٹی قائد نے انتخاب لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ۔
لیکن صوبائی قیادت نے ریٹرننگ افسر کے سامنے غلط بیانی کرکے انھیں شیر کے انتخابی نشان سے محروم کرادیا ہے اس لیے انھیں گائے کے بجائے شیر کا نشان الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے،مسلم لیگ قاف کے صدر حلیم شیخ نے الیکشن کے دوران نجی محافظ اور رنگین شیشوں والی گاڑی استعمال کرنے کے اجازت کے متعلق درخواست دائر کردی ہے، درخواست گزارکے مطابق وہ اپنی پارٹی کی مہم پورے صوبے میں چلائیں گے اس لیے انھیں سیکیورٹی کی ضرورت ہے۔