مقدمات نواز شریف کے ساتھیوں کا راستہ نہیں روک سکتے، سعد رفیق

ویب ڈیسک  اتوار 17 جون 2018
مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف سازشوں، الزام، بہتان اور جھوٹ کی دھول اڑائی گئی ہے، سعد رفیق فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف سازشوں، الزام، بہتان اور جھوٹ کی دھول اڑائی گئی ہے، سعد رفیق فوٹو: فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مقدمات یا جبر میاں نواز شریف کے ساتھیوں کا راستہ نہیں روک سکتے کیونکہ قوم ان کےساتھ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کے دفتر کیولری گراونڈ لاہور میں تقریب منعقد کی گئی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر پارٹی رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف سازشوں، الزام، بہتان اور جھوٹ کی دھول اڑائی گئی ہے، مقدمات اور جبر میاں نوازشریف کے ساتھیوں کا راستہ نہیں روک سکتے کیونکہ قوم ان کے ساتھ ہے۔ جو لوگ ملک کو تاریکیوں میں لے کر جانا چاہتے ہیں ہم انہیں شکست دیں گے۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا اور عوام کی خدمت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔