نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کا نوٹس

ویب ڈیسک  اتوار 17 جون 2018
نگراں وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔  فوٹو:فائل

نگراں وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ فوٹو:فائل

منڈی بہاؤالدین: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے عید کا دوسرا روز اپنے آبائی علاقے منڈی بہاؤ الدین میں گزارا، اس موقع پر انہوں نے فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ نے مقتولہ کے خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کے خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا اور بس ہوسٹس کے قتل میں ملوث ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسن عسکری نے کہا کہ نگراں حکومت کا بنیادی کردار شفاف الیکشن کا انعقاد ہے اور ہمیں الیکشن کمیشن کے فریم ورک میں رہ کرکام کرنا ہے۔ صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب بھرسے اسپتالوں سےمتعلق شکایات مل رہی ہیں، نگراں حکومت کے پاس وقت کم ہے لیکن اس کے باوجود پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کو چیک کیا جارہاہے، جہاں ممکن ہے وہاں سہولیات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منڈی بہاؤالدین کی زیر تعمیر عمارت کو فوری مکمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فنڈنگ کی کمی پوری کی جائےگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔