ڈیفنس میں فائرنگ سے جاں بحق نوجوان حمزہ کا سوئم

سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی،مکینوں کی بڑی تعداد شریک،رقت انگیزمناظر


Staff Reporter April 30, 2013
مقتول کی رہائش گاہ پر آنے والے علاقہ مکینوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ انتہائی ملنسار نوجوان تھا۔ فوٹو: فائل

ڈیفنس میں لڑکی کے تنازع پر قتل کیے جانے والے نوجوان حمزہ کا سوئم مقتول کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔

جس میں سیاسی جماعتوں ، سول سوسائٹی ، مقتول اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اس موقع انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے،خیابان سحر میں لڑکی کے تنازع پر فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے نوجوان 17سالہ حمزہ ولد طالب حسین کا سوئم مقتول کی رہائش گاہ بنگلہ نمبر 120/2اسٹریٹ نمبر 8 خیابان راحت میں ظہر سے عصر کے درمیان منعقد ہوا جس میں مقتول کے اہلخانہ ، عزیز رشتہ دار ، دوست و احباب اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

جبکہ مقتول حمزہ کے ایصال ثواب کے لیے قران خوانی اور فاتحہ خوانی بھی گئی، اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ مقتول کے والد شدت غم سے نڈھا دکھائی دیے اوربیٹے کویادکرکے روتے رہے، مقتول حمزہ کی رہائش گاہ پر گزشتہ 3 روز سے تعزیت کرنے کے لیے آنے والے لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے جس میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔



مقتول کی رہائش گاہ پر آنے والے علاقہ مکینوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ انتہائی ملنسار نوجوان تھا، کبھی کسی سے اونچی آواز میں بات نہیں کی، ہمیشہ لوگوں کے ساتھ عزت سے پیش آیا کرتا تھا ،مقتول کے دوستوں نے بتایا کہ حمزہ دوستوں کا دوست تھا، وہ اپنے دوست کو کبھی نہیں بھول سکتے،حمزہ کو انصاف دلانے کے لیے وہ اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں کوئی بھی راستے کی دیوار بننے کی کوشش کرے گا تو اسے گرا دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہفتے کو ڈیفننس کے علاقے خیابان سحر میں لڑکی کے تنازعے پرمقتول حمزہ اور شعیب کے درمیان تلخ کلامی کے بعد مقتول کے دوست شعیب کے سیکیورٹی گارڈ عمل خان نے فائرنگ کرکے حمزہ کو قتل کردیا تھا جبکہ سیکیورٹی گارڈ خود جائے وقوعہ سے فرارہوگیا تھا ۔

مقبول خبریں