کراچی:
رینجرز اور سی ٹی ڈی نے جیکب لائن جمشید ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد شہزاد عرف ڈنگر کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار دہشتگرد کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے ہے جس کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
گروہ کا سربراہ دہشتگرد منصور، کنواری کالونی منگھو پیر میں رہائش پزیر رہا اور کراچی آپریشن کے دوران گرفتاری کے خوف سے وزیرستان روپوش ہو گیا۔
گرفتار دہشتگرد 2025 میں منصور کے ذہن سازی کرنے پر فتنہ الخوارج میں شامل ہوا، فتنہ الخوارج کے دہشتگرد منصور نے گرفتار دہشتگرد کو کراچی سے تنظیم کے لئے فنڈنگ کرنے کا ٹاسک دیا۔
گرفتار دہشتگرد نے منگھو پیر کے علاقے میں مختلف افراد سے رابطہ کر کے انہیں فتنہ الخوارج کے لئے ماہانہ بنیادوں پر فنڈنگ کرنے کے لئے راضی کیا اور بعد ازاں دہشتگرد مذکورہ علاقے سے ماہانہ بنیادوں پر مختلف رقوم جمع کرکے ٹانک میں موجود منصور کے ساتھی دین محمد کے دیے ہوئے ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں وزیرستان بھجواتا رہا۔
گرفتار دہشتگرد نے انکشاف کیا کہ دین محمد اور دیگر ساتھیوں کے ذریعے بھجوائی گئی رقوم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے سربراہ منصور کو بھجواتا ہے اور یہ رقوم دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔
گرفتار دہشتگرد مختلف اوقات میں وزیرستان جا کر دہشتگرد منصور سے خفیہ ملاقاتیں کرتا رہا۔ جون 2026 میں دہشتگرد نے پاک افغان بارڈر سے ملحقہ علاقے بیرمل میں سربراہ منصور سے ایک ملاقات کی جس میں اس نے گرفتار دہشتگرد شہزاد کو کراچی میں دہشتگردی اور بھتہ وصولی کے لئے اپنا نیٹ ورک مضبوط کرنے کا کہا اور بعد ازاں اپنے نامعلوم ساتھی کے ذریعے اسلحہ اور بارود بھی دہشتگرد کو بھجوایا۔
مذکورہ سامان کی وصولی کے بعد گرفتار دہشتگرد اور اس کے ساتھی کراچی میں حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیوں کے لئے منصوبہ بندی کر رہے تھے، گرفتار دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔