جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 6 دہشتگردہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 جون 2018

 راولپنڈی: جنوبی وزیر ستان کے علاقے لدھا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک جب کہ پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت جنوبی وزیر ستان کے علاقے لدھا کے گاؤں اسپینا میلہ میں  ٹی ڈی پیز کی شکل میں دہشت گردوں کی آمد کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک جب کہ پاک فوج کے 2 جوانوں حوالدارعبدالرزاق اور سپاہی ممتازحسین  نے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں مارے گئے  دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے،  ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اورمواصلاتی آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔