انوشکا اورویرات نوجوان کی ویڈیو بنانے پرمشکل میں پھنس گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 جون 2018
نوجوان نے انوشکا اور ویرات کو نوٹس بھجوادیا جس میں معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

نوجوان نے انوشکا اور ویرات کو نوٹس بھجوادیا جس میں معافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

 ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما اور اُن کے شوہر ویرات کوہلی کو نوجوان کو ڈانٹنے اور ویڈیو بنانے پر نوٹس جاری کردیا گیا۔

بالی ووڈ کی صفہ اول کی ادکارہ انوشکا شرما نے چند روز قبل لگژری کاڑی میں سوار شخص کو کچرا پھینکے پر خوب آڑے ہاتھوں لیا تھا جب کہ ان کے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے تمام صورتحال کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کردی تھی۔

بعد ازاں کچرا پھینکنے والے شخص ارحان سنگھ جو ماضی میں بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان سمیت متعدد اداکاروں کے ساتھ فلموں میں  بطور چائلڈ اسٹار کام کر چکا ہے،  نے انوشکا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اب دونوں کو قانونی نوٹس بھجوادیا جس میں معافی کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش بابو دیسی میم میں شاہ رخ خان کے ہمراہ کام کرنے والے ارحان سنگھ نے اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو پر ردعمل میں قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے دونوں فنکاروں کو قانونی نوٹس بھیجوا دیئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: انوشکا شرما نے روڈ پر کچرا پھینکنے والے کو سبق سکھادیا

ارحان سنگھ نے کہا کہ ’میرے قانونی مشیر نے انوشکا اور ویرات کو قانونی نوٹس جاری کردیا ہے جب کہ معاملہ عدالت میں ہونے کی وجہ سے اس حوالے سے مزید کچھ نہیں کہہ سکتا ، مجھے اُن کے جواب کا انتظار کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ کرکٹر ویرات کوہلی نے سماجی رابطے کی ایپ انسٹا گرام پر ارحان سنگھ کی ویڈیو جاری کرنے کے ساتھ یہ لکھا تھا کہ اس طرح کے لوگوں کو دیکھیں جو روڈ پر کچرا پھینکتے ہیں، کیا اس طرح کے لوگ ہمارا ملک صاف کریں گے اور اگر آپ بھی کوئی غلط کام ہوتا دیکھیں تو اس کے ساتھ ویسا ہی کریں جیسا انوشکا نے کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔