اداروں کے ذمے او جی ڈی سی کے واجبات 200 تک پہنچ گئے قائمہ کمیٹی میں انکشاف

سوئی ناردرن،سوئی سدرن بڑے نادہندہیں،سلسلہ جاری رہاتوکمپنی موجودہ صورتحال برقرارنہیں رکھ پائیگی،کمیٹی کوبریفنگ


Numainda Express June 29, 2018
پنجاب میں تیل وگیس کی قیمت دوسرے صوبوںکی نسبت زیادہ ہے،شمیم آفریدی،سانگھڑمیں 10 فلٹر پلانٹ نصب کرنے کی ہدایت۔ فوٹو : فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم میں انکشاف ہواہے کہ مختلف اداروں کے ذمہ اوجی ڈی سی ایل کے واجبات 200 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

قائمہ کمیٹی نے تیل وگیس کے بلاکس کے علاقوں میںمقامی لوگوںکی بھرتی کے سلسلے میں ہائرنگ پالیسی کا جائزہ لینے کیلیے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دیدی، اجلاس سینٹر محسن عزیز کی زیر صدارت ہواجس میں مختلف کمپنیوں کے حکام کی جانب سے تیل وگیس کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران ایم ڈٰی اوجی ڈی سی ایل نے کمیٹی کو بتایاکہ مختلف اداروں نے اوجی ڈی سی ایل کو دو سوارب روپے اداکرنے ہیںاور اگر ادائیگیوں کی یہی سلسلہ رہا تو کمپنی موجودہ صورتحال برقرارنہیں رکھ پائے گی انھوں نے بتایاکہ حکومت نے برسراقتدار آنے کے بعد ٹی ایف سی کی صورت میں 82 ارب روپے ادا کرنیکا وعدہ کیا تھا تاہم یہ رقم اوجی ڈی سی ایل کونہیںدی گئی ۔

انھوں نے بتایاکہ سوئی ناردرن نے اوجی ڈی سی ایل کے35 ارب روپے دینے ہیں اورپاور ہولڈنگ پرائیویٹ لمٹیڈ نے اوجی ڈی سی ایل کو70 ارب روپے ادا کرنے ہیں انھوں نے بتایاکہ اوجی ڈی سی ایل نے اس سال پانچ دریافتیں کی ہیں کمپنی کے 48 ایکسپلوریٹری بلاکس ہیں جبکہ اس وقت 15 بلاکس میں تیل و گیس کی دریافت کاکام جاری ہے۔

ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے بتایاکہ ملک بھر اوجی ڈی سی ایل کے 47 آئل فیلڈز ہیں پنجاب میں15 کے پی کے میں3سندھ میں 26 اور بلوچستان میں 3 فیلڈز ہیں۔

سینٹرشمیم آفریدی نے کہاکہ پنجاب سے نکلنے والی گیس کا ریٹ زیادہ اورکے پی سے نکلنے والی گیس کا ریٹ کم ہے ایم ڈٰی اوجی ڈی سی ایل نے بتایاکہ ہمیں تو اداروں کی جانب سے کوئی رقم نہیں دی جاتی مگر ہم حکومت کوپیسے دیتے ہیں سوئی ناردرن ،سوئی سدرن اور پاورپلانٹس ہمارے بڑے نادہندہ ہیں کمیٹی میں موجود سوئی ناردرن کے ایم ڈی امجدلطیف نے کہاکہ کمپنی480 روپے میں گیس خریدکر410روپے میں بیچ رہی ہے یہ قیمتیں حکومت کی جانب سے متعین ہیں۔ ہم ان میں تبدیلی نہیں کرسکتے۔

قائمہ کمیٹی پٹرولیم نے سفارش کی کہ پورے ملک میں کس سکیم میںکتنے پیسے بچے ہوئے ہیں اسکی تفصیلات دی جائیںکمیٹی نے سانگھڑ میںآراوپلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے تفصیلات طلب کرلیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ متعلقہ ڈی سی یہ بتائے کہ آر او پلانٹس کیلئے کتنے ٹینڈر کئے گئے اور ان آراوپلانٹس کیلئے کتنی رقم خرچ کی جاچکی یے اورکتنی بقایاہے قائمہ کمیٹی نے تیل وگیس کی دریافت والی کمپنیوں کو دس آراوپلانٹس لگانے کی بھی ہدایت کردی۔

سینٹر جہانزیب جمالدینی نے بتایاکہ کوسٹل ایریاز میں پانی کی شدید کمی کاسامناہے اور گوادر میں توپانی کی چوری شروع ہوچکی ہے ایک طرف سی پیک بن رہاہے اوردوسری طرف یہ صورتحال ہے سیکرٹری پٹرولیم نے کہاکہ پٹرولیم ڈویژن تمام اضلاع میں ایس آر سکیموں کیلئے موجود فنڈز کی تفصیلات کمیٹی کو فراہم کردے گا کمیٹی نے سفارش کی کہ اس حوالے سے دو ہفتوں میں تفصیلات فراہم کی جائیں ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے پی پی ایل کے ڈپٹی ایم ڈی نے بتایاکہ پی پی ایل سالانہ ایک ارب روپے سی ایس آر سرگرمیوں پہ خرچ کرتی ہے چئرمین کمیٹی نے کہاکہ سی ایس آر سرگرمیوں میں مقامی کمیونٹی کو بھی کردار اداکرنا چاہئے۔

سینٹرجہانزیب جمالدینی نے کہاکہ تیل وگیس کی تلاش والے علاقوں میں اسامیوں پر مقامی افرادکوزیادہ ترجیح دی جائے کمیٹی نے اس حوالے سے زیلی کمیٹی تشکیل دیدی جو تیل وگیس کی تلاش والے سات آٹھ بلاکس میں مقامی افراد کی بھرتی کاجائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ قائمہ کمیٹی کو فراہم کریگی۔

مقبول خبریں