عدالت کا وال چاکنگ پر سیاسی جماعتوں کو نوٹس دینے کا حکم

الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کے پتے حاصل کرکے نوٹس بھیجے جائیں،عدالت عالیہ


Staff Reporter May 02, 2013
الیکشن کمیشن سے سیاسی جماعتوں کے پتے حاصل کرکے نوٹس بھیجے جائیں،عدالت عالیہ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے شہر کی دیواروں پروال چاکنگ اور سیاسی نعرے درج کرنے کیخلاف درخواست پرتمام سیاسی جماعتوں کوالیکشن کمیشن کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

فاضل بینچ نے منگل کو رانا فیض الحسن کی شہر میں بیریئرزکی تنصیب اور وال چاکنگ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی، سماعت کے موقع پر جماعت اسلامی اور کے ایم سی کے وکیل پیش ہوئے،عدالت کو بتایا گیا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے درست پتے موجود نہ ہونے کے باعث نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی ہے۔



عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کیے جائیں،یونائیٹڈ ہیومن رائٹس کمیشن کے رانا فیض الحسن کی جانب سے دائر درخواست میں چیف سیکریٹری، وزیر بلدیات، سیکریٹری داخلہ،آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی اور کمشنر کراچی کوفریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کراچی میں اہم شاہراہوں اور گلیوں میں بیریئرز لگادیے گئے ہیں۔

جن سے شہریوں کو سخت اذیت کا سامناہے،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ شہر کی اہم دیواروں کو سیاسی جماعتوں نے چاکنگ کرکے گندا کردیا ہے جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے، گورنر سندھ نے وال چاکنگ ختم کرنے کا حکم دیا تھا مگر شہر کی دیواریں تاحال اشتہاری بورڈ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

مقبول خبریں