تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے 13 میں سے 4 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

تھائی لینڈ کی اسکول فٹ بال ٹیم کے 12 نوعمر کھلاڑی اور کوچ 23 جون کو پکنک مناتے ہوئے ایک غار میں لاپتا ہوگئے تھے


ویب ڈیسک July 08, 2018
اسکول فٹبال ٹیم کے 12 نوعمر کھلاڑی اپنے کوچ سمیت 30 جون کو غار میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

تھائی لینڈ میں ریسکیو اہلکار زیر آب غار میں پھنسے 13 میں سے 4 بچوں کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امدادی ٹیم کے اہلکاروں نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے دوران زیرآب غار میں پھنسے اسکول فٹبال ٹیم کے 12 کم سن کھلاڑیوں اور کوچ میں سے 4 بچوں کو باہر نکالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے 4 بچوں کو دو وقفوں میں غار سے باہر نکالا۔

thailand-cave-3

غارسے نکالے جانے والے پہلے دو بچوں کو ایمبولینس کے ذریعے فیلڈ اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا جسمانی معائنہ کیا گیا جب کہ دیگر دوبچوں کو غار کے دہانے پر قائم کیمپ میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : تھائی لینڈ کے غار میں پھنسے بچوں کو بچانے کے لیے سرتوڑ کوششیں جاری

ریسکیو ٹیم، تھائی لینڈ بحریہ اور امریکی نیوی کے اعلیٰ حکام نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں غار میں پھنسے بچوں کو نکالنے کے لیے انہیں تیراکی سکھانے، پانی نکل جانے کا انتظار کرنے اور بچوں تک پہنچنے کے لیے دوسرے راستے کے آپشن پر غور کیا جس کے بعد آج صبح ڈرامائی انداز میں امدادی کام کا آغاز کیا گیا۔

thailand-cave-1

واضح رہے کہ اسکول فٹبال ٹیم کے 12 نوعمر کھلاڑی اور کوچ 23 جون کو پکنک مناتے ہوئے ایک غار میں داخل ہوئے جہاں اچانک پانی بھرنے کے باعث یہ لوگ زیر آب غار کے اختتامی حصے میں پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے 2 جولائی کو ان بچوں کا سراغ لگا لیا تھا جس کے بعد آپریشن میں تیزی آگئی تھی۔

سی این این کے مطابق چار بچوں کو باہر لانے والے امدادی آپریشن میں 90 رضاکاروں نے مدد کی جس میں 13 غوطہ خور بھی شامل تھے، ہر بچے کے ساتھ دو غوطہ خور موجود تھے ایک نے بچے کو آگے سے مدد دی دوسرا بچے کو پیچھے سے تھامے رہا۔

امریکی فوج کے مطابق آپریشن میں 36 امریکی فوجیوں نے حصہ لیا جن میں سے زیادہ تر کا تعلق جاپان کی کاڈینا ایئر بیس پر تعینات بٹالین میں سے تھا ان فوجیوں میں امدادی کارکنوں کے ساتھ ساتھ غوطہ خور بھی شامل تھے تاہم غوطہ خوروں کو موقع نہ ملا۔

امدادی اداروں کی جانب سے اب مزید بچوں کو بچانے کے لیے آپریشن فی الوقت معطل کیا گیا ہے جس کا مقصد بڑی تعداد میں آکسیجن کے سلنڈرز کو دوبارہ بھروانا ہے جس کے بعد آپریشن پھر شروع کردیا جائے گا۔

thailand-cave-child غار میں جانے سے قبل بچوں کی لی گئی ایک تصویر