جیریمی ہنٹ برطانیہ کے نئے وزیرخارجہ مقرر

یورپی یونین سے متعلق پالیسی پر اختلاف کے باعث وزیر خارجہ بورس جانسن مستعفی ہو گئے تھے


ویب ڈیسک July 10, 2018
جیریمی ہنٹ بطور وزیر صحت بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ فوٹو : فائل

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے جیریمی ہنٹ کو برطانیہ کا نیا وزیر خارجہ مقرر کردیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کے مستعفی ہوجانے کے بعد وزیراعطم تھریسامے نے وزارت خارجہ کی ذمہ داری جیریمی ہنٹ کو سونپ دی ہے۔ نئے وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ وزیراعظم تھریسامے کے قابل اعتماد ساتھی اور بطور وزیر صحت بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے کو یورپی یونین سے اخراج سے متعلق پالیسی پر اپنے حریفوں کے ساتھ ساتھ حلیفوں کی جانب سے بھی تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین نے اس پالیسی کو تجارتی سرگرمیوں کے لیے ناکافی کہا ہے کیونکہ اس سے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان علیحدگی کے بعد معاشی سرگرمیوں کا حل نہیں نکالا گیا ہے۔



واضح رہے کہ برطانیہ کے عوام نے ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں فیصلہ دیا تھا ۔ اب برطانیہ کو یورپی یونین سے انخلاء کے عمل کو 29 مارچ 2019 تک مکمل کرنا ہے تاہم یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا ہے۔