امریکا نے لندن اولمپکس کا میلہ لوٹ لیا 46 گولڈ 29سلور 29برانز

باسکٹ بال کے فائنل میں اسپین کو شکست، مینز ہینڈبال میں فرانس نے...


AFP August 13, 2012
باسکٹ بال کے فائنل میں اسپین کو شکست، مینز ہینڈبال میں فرانس نے سوئیڈن کو زیر کرلیا، بھارت کے سشیل کمار کو جاپانی حریف نے چاروں شانے چت کر دیا۔

امریکا کے ایتھلیٹس نے 46 گولڈ میڈلز کے ساتھ لندن اولمپکس کا میلہ لوٹ لیا مجموعی طور پر 104 تمغوں پر قبضہ کیا، 4 برس قبل بیجنگ میں حکمرانی قائم کرنے والے چین کا 38 گولڈ سمیت 87 میڈلز کے ساتھ دوسرا نمبر رہا، میزبان برطانیہ نے 29 سونے کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مینزباسکٹ بال پر امریکی بادشاہت قائم رہی تاریخ کا 14 طلائی تمغہ اپنے گلے کی زینت بنایا، ہینڈبال میں فرانس نے میدان مارلیا، باکسنگ رنگ میں برطانیہ کی ایک صدی بعد بہترین پرفارمنس رہی، جاپانی پہلوان نے بھارت کی لندن گیمز میں واحد سونے کا تمغہ جیتنے کی امیدیں تارتار کردیں، 30 ویں اولمپکس کا آخری گولڈ میڈل لیتھوینیا کی لائورا کے نام رہا، امریکی تیراک مائیکل فیلپس 6طلائی تمغے جیت کر لندن گیمز کے کامیاب ترین ایتھلیٹ بنے۔

تفصیلات کے مطابق میڈلز ٹیبل پر امریکا کی حکمرانی کے ساتھ لندن اولمپکس کا اختتام ہوگیا، امریکا نے مجموعی طور پر 104 میڈلز حاصل کیے جس میں 46 گولڈ، 29 سلور اور اتنے ہی برانز میڈلز شامل تھے، دوسرے نمبر پر موجود چین کے 87 تمغوں میں 38 سونے، 27 چاندی اور 22 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ 4 برس قبل چین میڈلز ٹیبل کے ٹاپ پر تھا۔آخری روز 15 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا۔

امریکا کی این بی اے اسٹارز سے سجی ڈریم ٹیم نے اسپین کو پچھاڑ کر مسلسل دوسرا اور مجموعی طور پر 14 گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، یہ این بی اے الیٹ سائیڈ کا گذشتہ 6 اولمپکس میں پانچواں ٹائٹل ہے، 2004 کے ایتھنز گیمز میںامریکی ٹیم کو برانز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ دفاعی چیمپئن فرانس نے مینز ہینڈ بال میں سوئیڈن کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 22-21 سے شکست دے کر ٹائٹل پر قبضہ برقرار رکھا، بیجنگ اولمپکس میں بھی سونے کا تمغہ جیتنے والی طاقتور فرنچ سائیڈ ہینڈ بال کی تاریخ میں پہلی ٹیم بن گئی ہے جوکہ بیک وقت اولمپک، ورلڈ اور یورپیئن چیمپئن ہے۔مینز ہینڈ بال میں برانز میڈل کروشیا کے نام رہا۔

انتھونی جوشا نے سپر ہیوی ویٹ باکسنگ میں سونے کا تمغہ جیت کر اپنے ملک برطانیہ کا اولمپکس میں شاندار اختتام کیا، برطانیہ نے 104 برس بعد باکسنگ رنگ میں بہترین پرفارمنس پیش کی ہے، ویمنز فلائی ویٹ میں نکولا ایڈمز، بینٹم ویٹ میں لیوک کیمبیل اور اب جوشا نے 91 پلس کے جی میں طلائی تمغہ جیتا۔ اسی طرح ویلٹر ویٹ میں شکست کھانے والے ویلشمین فریڈی ایوانز نے سلور اور مڈل ویٹ میں انتھونی اوگوگو نے برانز میڈل جیتے۔ اس سے قبل برطانیہ نے 1908 میں اپنے ملک میں ہونے والے گیمز میں 15 میں سے 14 باکسنگ میڈلز اپنے نام کیے تھے۔ لائٹ ہیوی ویٹ (81 کے جی) باکسنگ میں روس کے ایگور میکھونٹسیوف نے سونے کے تمغے پر حق جتایا۔

والٹر ویٹ (69 کے جی ) باکسنگ میں قازقستان کے سیرک ساپیوف نے برطانیہ کے فریڈی ایوانز کو زیر کرکے سونے کا تمغہ اپنے گلے کی زینت بنایا۔ لائٹ ویٹ (60 کے جی) باکسنگ میں یوکرین کے ورلڈ چیمپئن واسیل لوماچنکو نے مسلسل دوسرا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔ فلائی ویٹ (52 کے جی) میں کیوبا کے روبیسی رامیریز نے منگولیا کے ٹگسٹسوگٹ کو مات دے کر طلائی تمغہ جیتا۔

66 کلوگرام فری اسٹائل ریسلنگ میں جاپان کے تاتسو ہیرو یونیمٹسو نے سشیل کمار کو چاروں شانے چت کرکے بھارت کی لندن گیمز میں سونے کا واحد میڈل حاصل کرنے کی امیدوں کو تارتار کردیا، جاپانی پہلوان کے حصے میں گولڈ میڈل آیا تاہم سلور میڈل جیت کر سوشیل کمارانفرادی مقابلوں میںمسلسل دو اولمپکس میں میڈلز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی ایتھلیٹ بن گئے، بیجنگ میں انھوں نے برانز میڈل حاصل کیا تھا۔ 96 کلوگرام فری اسٹائل ریسلنگ میں امریکا کے جیکب وارنیر نے یوکرین کے والیری اینڈریٹسوف کو زیر کرکے سونے کے میڈل پر قبضہ کیا۔ مینز واٹر پولو میں کروشیا نے سونے کا تمغہ جیتا، اٹلی نے سلور اور سربیا نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

مینز میراتھن میں اسٹیفن کپروچ نے یوگینڈا کو پہلا گولڈ میڈل جتوادیا، کینیا کے دو مرتبہ ورلڈ چیمپئن ابیل کریونے سلور اور ولسن کپسانگ نے برانز میڈل جیتا۔ مینز مائونٹین بائیکنگ میں جمہوریہ چیک کے ورلڈ چیمپئن جاروسلیو کولہیوی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ روس نے ردھمک جمناسٹکس میں اپنی حکمرانی قائم رکھتے ہوئے مسلسل چوتھا اولمپک گروپ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

مینز والی بال میں روس نے برازیل کے جبڑے میں سے گولڈ میڈل چھین لیا، فائنل میں برازیل کو تیسرے رائونڈ میں 22-19 کی برتری حاصل اور اسے ٹائٹل جیتنے کیلیے صرف تین پوائنٹس مزید درکار تھے مگر اچانک اس کی ٹیم پریشر میں آکر اعصاب پر قابو نہ رکھ پائی اور روس نے میدان مارلیا۔ لندن اولمپکس کا آخری گولڈ میڈل ویمنز ماڈرن پینٹا تھلون میں لیتھوینیا کی لائورا اساداسکیٹ نے جیتا جبکہ سلور میڈل برطانیہ کی سمانتھا مرے اور برانز برازیل کی یانی مارکس کے نام رہا۔