سانحہ مستونگ میں شہدا کی تدفین، بلوچستان میں سوگ

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جولائی 2018
سراج رئیسانی کی نماز جنازہ شام ساڑھے چار بجے ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی فوٹو:اے ایف پی

سراج رئیسانی کی نماز جنازہ شام ساڑھے چار بجے ایوب اسٹیڈیم میں ادا کی جائے گی فوٹو:اے ایف پی

مستونگ: گزشتہ روزبلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں عوامی پارٹی کے سراج رئیسانی سمیت 130 افرد کی شہادت پر صوبے بھر میں فضاسوگوار ہے جب کہ بلوچستان میں پرچم سرنگوں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مستونگ میں درین گڑھ کے قریب  بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونےوالے خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 130 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ سانحہ مستونگ کے واقعے پر بلوچستان عوامی پارٹی نےتین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ درین گڑھ اور سراج رئیسانی کے آبائی علاقےکانک سمیت مستونگ بھرمیں سوگ منایا جارہا ہے، درین گڑھ اور کانک کے علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مستونگ خود کش حملہ؛  سراج رئیسانی سمیت 130افراد شہید

مستونگ دھماکے میں شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ کا وقت اور جگہ ایک بار پھرتبدیل کردی گئی۔ اب ان کی نماز جنازہ ایوب اسٹیڈیم کے بجائے موسٰی اسٹیڈیم کوئٹہ کینٹ میں ساڑھے پانچ بجے ادا کی جائے گی۔ شہید سراج رئیسانی کے خاندانی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کی جگہ سیکیورٹی خدشات کے باعث تبدیل کی گئی ہے۔

پنجاب بار کونسل کا سوگ کا اعلان

پنجاب بار کونسل نے مستونگ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آج پنجاب بار کونسل میں ہڑتال کا اعلان کیاہے، ماتحت عدالتوں میں آج وکلا پیش نہیں ہوں گے۔ پنجاب بار کونسل نے وکلاشہدا کے لواحقین سےاظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نگراں صوبائی وزیر داخلہ کی مذمت

نگراں صوبائی وزیرداخلہ بلوچستان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستونگ خودکش حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ دوسری جانب لیویز حکام کا کہنا ہے کہ مستونگ خودکش حملےکامقدمہ تاحال درج نہیں کیاجاسکا، مقدمہ ضروری کارروائی کےبعد لیویزتھانا درین گڑھ میں درج کیاجائےگا، درین گڑھ میں خودکش حملے کے مقام کو محفوظ کرلیا گیا ہے اور خودکش حملے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیےجارہے ہیں۔ حملے کی تحقیقات کے لیے پنجاب سےفرانزک لیبارٹری کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

وزیراعظم کا یوم سوگ کا اعلان

دوسری جانب نگراں وزیراعظم نے  بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شہدا کو خراج عقیدت اور غم زدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کے لیے قومی سطح پر یوم سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ س ضمن میں وزیر اعظم آفس کی جانب سے وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن  میں کہا گیا ہے کہ پشاور اور مستونگ میں دہشتگردی کے واقعات کے باعث کل بروز اتوار یوم سوگ منایا جائے گا ، اس موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

’’ پاکستان نے سراج رئیسانی کی صورت میں بہادر محب وطن کھودیا ‘‘

ادھر ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاویدہ باجوہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے گزشتہ روز مستونگ میں شہید ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی امیدوار سراج رئیسانی کے لواحقین سے مل کر واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، آرمی چیف نے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دعا کی۔ دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ نے شہید سراج رئیسانی کی نمازجنازہ میں شرکت کی جب کہ سی ایم ایچ میں واقعے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

واضح رہے کہ مستونگ دھماکے میں شہید ہونے والے پی بی 35 مستونگ سے عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کی شہادت کے بعد حلقے میں الیکشن ملتوی کردئیےگئے ہیں۔ پی بی 35 مستونگ میں انتخاب ضمنی الیکشن کے ساتھ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔