محکمہ ڈاک نے گوادر میں میل آفس کیلیے زمین لے لی

حسیب حنیف  اتوار 15 جولائی 2018
پی سی ون تیار،ورکنگ مکمل،پی ایس ڈی پی کے تحت 4کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

پی سی ون تیار،ورکنگ مکمل،پی ایس ڈی پی کے تحت 4کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تناظر میں گوادر میں انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے پاکستان پوسٹ نے ایک ایکڑ زمین حاصل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ کی جانب سے گوادر میں انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے ایک ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے، یہ زمین وفاقی حکومت کی جانب سے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی(جی ڈی اے) سے انٹریشنل میل آفس کے قیام کے لیے پاکستان پوسٹ کو لے کر دی گئی ہے تاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت گوادر پورٹ سے انٹرنیشنل آپریشن کے دوران پاکستان پوسٹ کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔

گوادر میں انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے پاکستان پوسٹ کی جانب سے 7کروڑ 90لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے پاکستان پوسٹ نے ورکنگ مکمل کر لی ہے جبکہ اس منصوبے کا پی سی ون بھی تیا ر کر لیا گیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے گوادر میں انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ فنڈ (پی ایس ڈی پی) کے تحت 4کروڑ روپے مختص کر دیے گئے ہیں تاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد گوادر میں عالمی معیار کا جدید انٹرنیشنل میل آفس قائم کیا جا سکے۔

پاکستان پوسٹ کے ذرائع کے مطابق گوادر میں قائم کیے جانے والے انٹرنیشنل میل آفس میں ڈاک کے نظام، پارسل کے ساتھ ساتھ جدید طرز کی لاجسٹکس سروسز بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ گوادر میں آنے والے کا روباری افراد اور عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جا سکیں۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ گوادر میں انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے پاکستان پوسٹ کی جانب سے پی سی ون تیا ر کیا جا چکا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے گوادر انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے منصوبے کی منظوری کے ساتھ ہی اس پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا تاکہ کم سے کم وقت میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

گوادر انٹرنیشنل میل آفس کے قیام کے لیے لی جانے والی زمین گوادر انڈسٹریل علاقے کے قریب ہے جس سے انڈسٹریل ایریا سے پاکستان پوسٹ کو زیادہ سے زیادہ بزنس حاصل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے سے پاکستان پوسٹ کو ریونیو کی مد میں بھی فائدہ ہوگا جبکہ حکومت پاکستان کی جانب سے گوادر میں انڈسٹریل زون کو ڈاک اور لاجسٹکس سہولتیں بھی فراہم کی جا سکیں گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔