نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت منتقل نہ کرنے کا فیصلہ چیلنج

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
نیب کی جانب سے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ،  فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنسز دائر کئے گئے تھے، فوٹو: فائل

نیب کی جانب سے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنسز دائر کئے گئے تھے، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت منتقل نہ کرنے سے متعلق احتساب عدالت کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ اور گلف اسٹیل ملز سے متعلق عدالت اپنا فیصلہ سنا چکی ہے، دیگر دو ریفرنسز میں بھی یہ چیزیں مشترکہ ہیں، احتساب عدالت کے جج ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کا فیصلہ سنا چکے ہیں، قانون کا تقاضا ہے کہ دیگر ریفرنسز کسی اور عدالت کو منتقل کیے جائیں۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنسز دائر کئے گئے تھے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنز میں نواز شریف کو سزا سنادی ہے جب کہ دیگر دو ریفرنسز کی سماعت بھی حتمی مرحلے میں ہے۔ نوازشریف کی جانب سے احتساب عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں اسی عدالت کے جج محمد بشیر کی جانب سے فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔نوازشریف نے درخواست میں دونوں ریفرنسز کی سماعت دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کی تھی جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔