کراچی الیکشن کمیشن غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بنانے میں ناکام

سیکڑوں شہریوں کے نام رجسٹر نہیں ہوسکے، بیشتر کے ووٹ پرانے ایڈریس پر برقرار


Staff Reporter May 09, 2013
سیکڑوں شہریوں کے نام رجسٹر نہیں ہوسکے، بیشتر کے ووٹ پرانے ایڈریس پر برقرار فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود کراچی میں الیکشن کمیشن غلطیوں سے پاک نئی انتخابی فہرستیں ترتیب دینے میں ناکام رہا۔

الیکشن کمیشن کی غفلت کے باعث سیکڑوں شہریوں کی جانب سے فارم جمع کرانے کے باوجود ووٹرز لسٹ میں ان کے نام رجسٹر نہیں ہوسکے جبکہ بیشتر شہریوں کے ووٹ ان انتخابی حلقوں میں شامل کردیے گئے ہیں جہاں ان کی رہائش نہیں ہے۔ پولنگ اسٹیشن دور ہونے کے باعث مذکورہ شہری ووٹ ڈالنے سے گریز کریں گے اور یہ وجہ ٹرن آئوٹ کو متاثر کریگی۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے نئی انتخابی فہرستوں کی تیاری میں صرف ان علاقوں پر زیادہ توجہ دی جہاں بڑے پیمانے پر گھپلوں کی نشاندہی کی گئی تھی اور تاثر یہ دیا کہ پورے کراچی میں نئی انتخابی فہرستیں تیار کی گئی ہیں۔

18سال سے زائد عمر کے کئی نوجوانوں نے نمائندہ ایکسپریس کوبتایا کہ انھوں نے نئی انتخابی فہرست میں اپنا نام رجسٹرکرانے کیلیے درخواست جمع کرائی تھی تاہم ان کے نام نئی انتخابی فہر ست میں شامل نہ ہونے کے باعث وہ الیکشن 2013میں ووٹ ڈالنے سے محروم رہ گئے ہیں۔ بیشتر شہریوں نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ انھوں نے اپنے پرانے گھر 10 سال قبل چھوڑ دیئے تھے اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کی متواتر دونوں مہموں میں درخواست جمع کرائی تھی تاہم الیکشن کمیشن کی غفلت کے باعث ہر بار ان کے ووٹ پرانے ایڈریس پر ہی آرہے ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کی عدم سہولیات کے باعث گھر سے دور پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے۔