انتخابات پر پاور سیکٹر کی ایندھن ضروریات پوری کرنے کا عزم

پاور سیکٹر کو 15 کروڑ ایم ایف زائد گیس دینگے، فرنس آئل بھی ذخیرہ کیا جا رہا ہے، وزیرپٹرولیم


Numainda Express May 10, 2013
نادہندگان کو نوٹس دیدیے، گیس چورکیپٹو پاور پلانٹس کی سپلائی منقطع کردی، پریس کانفرنس فوٹو: فائل

نگران وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پاور سیکٹر کی فیول کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔

الیکشن کے موقع پر پاور سیکٹر کو 15 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کو اسلام آباد میں سیکریٹری پٹرولیم و دیگر افسران کے ہمراہ وزارت پٹرولیم میں پریس کانفرنس کے دوران نگراں وزیر پٹرولیم وجاہت حسین ایچ صدیقی نے بتایا کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی پیداوار کیلیے بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو ادھار پراضافی گیس فراہم کی جائیگی جس سے 850میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ پاور سیکٹر کو 19 ہزار ٹن یومیہ فیول دیا جارہا ہے جس کی مالیت 30 لاکھ ڈالرہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ الیکشن کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلیے فرنس آئل بھی ذخیرہ کیا جارہا ہے، اس کے علاوہ گیس پائپ لائنوں سمیت کمپنیوں کو فیول کی فراہمی کے بارے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے وزارت داخلہ اور تمام صوبوں سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کو لیٹر بھی لکھے جا چکے ہیں۔



وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ واجبات کی وصولی کے لیے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پاکستان اسٹیل ملز سمیت دیگر نادہندگان کو نوٹس جاری کردیے ہیں جو نادہندگان واجبات ادا نہیں کریں گے انکے خلاف کارروائی کی جائیگی،کے ای ایس سی 40ارب روپے کی نادہندہ ہے جن میں سے 27ارب روپے کی اصل رقم ہے اور باقی سود کی مد میں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تمام اداروں کو مفت گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، اب گیس اور تیل کے واجبات یومیہ بنیادوں پر ادا اور ساتھ ہی پرانے واجبات بھی کلیئر کیے جائیں گے۔

وزارت خزانہ کے ساتھ طے ہوچکا ہے کہ ٹیرف ڈیفرنشل کلیم کی مد میں سبسڈی وزارت خزانہ فراہم کرے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گیس چوری کرنے والے متعدد کیپٹو پاور پلانٹس کی گیس منقطع کردی گئی ہے۔ ایک اورسوال پرانہوں نے بتایا کہ ایم ڈی او جی ڈی سی ایل سے ذاتی اختلافات تھے نہ انھیں اس بنا پر فارغ کیا گیا، پروفیشنل اختلافات ہوسکتے ہیں۔ ایک اور سوال پرانہوں نے بتایا کہ گیس نادہندگان کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔

مقبول خبریں