ہر پولنگ اسٹیشن پر فوجی جوان تعینات کیے جائیںنعمت اللہ خان

آرمی چیف صورتحال کا نوٹس لیں،ادارہ نورحق میں رہنماؤں کی پریس کانفرنس.


Staff Reporter May 10, 2013
آرمی چیف صورتحال کا نوٹس لیں،ادارہ نورحق میں رہنماؤں کی پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

لاہور: قومی اسمبلی کے حلقے این اے250 سے امیدوار نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کراچی کا ہر پولنگ اسٹیشن حساس ہے اور وہاں فوجی جوان متعین کیے جائیں۔

جماعت اسلامی سمیت17 جماعتوں کے بار بار مطالبوں کے باوجود بھی اگر ہر پولنگ بوتھ پر فوجی جوان تعینات نہ کیے گئے تو11 مئی کے بعد کراچی میں پیدا ہونے والے حالات کی ذمے داری چیف الیکشن کمشنر اور آرمی چیف پر عائد ہوگی،حساس حالات کو نہ سمجھا گیا تو انتخابات کے بعد کراچی کے حالات خراب ہوجائینگے،جمعرات کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور کراچی کے ہر پولنگ بوتھ پر فوج تعینات کریں۔



نعمت اللہ خان نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے عوام کو مایوس کیا ہے، معراج الہدیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جنوبی کی جانب سے ہر پولنگ بوتھ پر فوج کی تعیناتی کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں، انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی اور مینڈیٹ کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کے خلاف زبردست عوامی تحریک چلائی جائے گی، جماعت اسلامی کے کارکن عزم و جرات کے ساتھ میدان میں کھڑے ہیں اور11 مئی کو کراچی کے عوام کو امن کا تحفہ دیں گے،محمد حسین محنتی نے کہا کہ چیف آف آر می اسٹاف آخرکب نوٹس لیں گے اور فوج کب حرکت میں آئے گی۔