اویس مظفر کیخلاف شفقت شیرازی کی درخواست نمٹادی گئی

سرکاری پروٹول نہیں دیا گیا، جان کے خطرے پر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،محکمہ داخلہ


Staff Reporter May 10, 2013
سرکاری پروٹول نہیں دیا گیا، جان کے خطرے پر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،محکمہ داخلہ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار اویس مظفر کو معمول سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کرنے اور من پسند افسران مقرر کرنے کیخلاف درخواست نمٹادی گئی.

چیف جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے این اے 238،پی ایس84اورپی ایس 86سے امیدوارسید شفقت حسین شاہ شیرازی اور حاجی محمد حنیف کی درخواست کی سماعت کی،اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ محمد وسیم نے عدالت کو بتایا کہ اویس مظفرکو جان خطرہ ہے اور دھمکیوں کے باعث انہیں سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے،انہیں سرکاری پروٹوکول حاصل نہیں،وہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور امیدوارہیں اس لیے انہیں تحفظ فراہم کیا جارہا ہے ،یہ سیکیورٹی انتخابات تک فراہم کی جائے گی، انتخابات کے بعد انہیں اپنی سیکیورٹی کا خود ہی بندوبست کرنا پڑے گا۔

عدالت نے درخواست نمٹادی، قبل ازیں اویس مظفر نے موقف اختیار کیاتھا کہ وہ پی ایس88سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر بھی مکمل عمل درآمدکررہے ہیں،وی وی آئی پی پروٹوکول کا بھی الزام غلط ہے، تاہم انہیں صوبائی اور مقامی پولیس کی جانب سے مناسب سیکیورٹی فراہم کی گئی جو کہ وقت کی ضرورت ہے کیوں کہ ان کی جماعت کو دھمکیاں ملی ہیں اور سیکیورٹی ہرامیدوارکا حق ہے ۔